شہر و گائوں کی اکثر سڑکوں پر گڑھے ، لوگوں کو پریشانی کا سامنا
سرینگر//وادی کشمیر کے شہرو گائوں میں گزشتہ کئی روز سے شدید بارشوں کی وجہ سے سڑکوں سے میکڈم اُکھڑ گیا ہے جس کی وجہ سے اکثر سڑکوں پر گہرے گڑھے بن گئے ہیں ۔ ادھر عوامی حلقوںنے سڑکوں کی مرمت اور تعمیر میں استعمال ہونے والے مواد کو ناقص قراردیتے ہوئے کہا کہ باقص میٹریل استعمال کرنے کی وجہ سے گزشتہ سال بچھائے گئے میکڈم کا ایک سال بھی نہیں نکلا ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں ابتر موسمی صورتحال کے دوران شہر و گائوں میں شدید بارشوں سے جہاں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہیں مسلسل بارشوں کی وجہ سے سڑکوں سے میکڈم اُکھڑ گیا اور اکثر چھوٹی بڑی سڑکوں پر گڑھے بن گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں عبور و مرور میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ گزشتہ سال جو سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا تھا اس میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے میکڈم ایک سال تک سڑکوں پر ٹک نہیں پایا ۔ لوگوںنے اس سلسلے میں چیف انجینئرآر اینڈ بی اور ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں ۔










