مسلسل بارشوں کی وجہ سے شہر و گائوں کی سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب

بمنہ سمیت سرینگر کے متعدد علاقوں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا

سرینگر//وادی کشمیر میں گزشتہ کئی دنوں تک جاری رہنے والی بارشوں کی وجہ سے شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں سڑکیں زیر آب آچکی ہے جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے صحنوں میں بھی گھس چکا ہے خاص کر بمنہ سرینگر کی اکثر کالونیوں کی سڑکیں آج بھی زیر آب ہے کیوںکہ ڈرنیج سسٹم ناقص ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر میں گزشتہ کئی روز تک شدید بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں قصبہ جات اور گائوں کی سڑکیں زیر آب آچکی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔ ادھر بمنہ میں کئی کالونیوں جن میںحاجی آباد، مصطفی آباد، غوثیہ کالونی ، مدینہ کالونی، ایس ڈی اے کالونی، ایس کے کالونی ، اقر ا کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں کی سڑکیں زیر آب ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ ڈرنیج سسٹم اگرچہ قائم کیا گیا ہے تاہم ان ڈرنوں کی صفائی نہیں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے بارشوں کے دنوں ڈرینوں سے پانی کی نکاسی ناممکن ہوجاتی ہے اور پانی سڑکوں اور صحنوں میں گھس جاتا ہے ۔ لوگوںنے کہا کہ انہیں گھروں سے جوتے نکال کر ننگے پائوں سڑکوں پر چلنا پڑتا ہے ۔ اس بیچ مقامی لوگوں نے کہا کہ قمر واری میں جو پانی کی نکاسی کیلئے پمپ نصب کئے گئے ہیں ان کو بھی چالو نہیں کیا جاتا ہے جو سڑکیں زیر آب آنے کی ایک وجہ ہے ۔ دریں اثناء شہر سرینگر کے دیگر علاقوں سے بھی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ بارش کا پانی سڑکوں ، گلی کوچوں میں جمع ہے جو لوگوں کیلئے باعث پریشانی ثابت ہورہا ہے ۔ لوگوںنے اس سلسلے میں انتظامیہ سے اپیل کی ہے وہ سڑکوں سے پانی کی نکاسی کیلئے فوری طور پر اقدامات اُٹھائیں۔