گنڈ ہ بل بٹوارہ سانحہ کے 12روز ایک اور بچے کی لاش برآمد، ابھی تک 8افراد کی لاشیں ملیں

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 2معصوم سکولی بچوں کی لاشیں ملی، ایک اور شخص کی لاش کیلئے تلاش جاری

سرینگر//بٹوارہ گنڈ ہ بل علاقے میں پیش آئے واقعے کے 12ویں روز ایک اور بچے کی لاش نورباغ میں دریائے جہلم سے برآمد ہوئی ہے اس طرح سے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران دو معصومین کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ اس طرح سے اس حادثے میں مرنے والے افراد میں سے ابھی تک 8افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ ایک اور شخص کی لاش کیلئے سنیچر وار کو برستی بارش کے باوجود تلاش جاری رہی ۔ ادھر معصوم بچے کو پر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سرینگر کے گنڈہ بل علاقے میں 16 اپریل کو دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کے بعد ڈوبنے والے دوسرے لاپتہ نابالغ لڑکے کی لاش ہفتہ کی صبح نورباغ سری نگر سے 12 دن بعد دریا سے برآمد کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ سانحہ کے 12ویں روز سکولی بچے کی لاش آج صبح نورباغ سری نگر کے قریب سے برآمد ہوئی ہے ۔ اس طرح سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2معصومین لاشیں ملی ہیں ۔ ادھر گنڈہ بل میں برستی بارش میں لوگوں کی کثیر تعداد نے بچے کی آخری رسومات میں حصہ لیا اور اس کو پُرنم آنکھوں کے ساتھ سپر د لحد کیا گیا۔ دریں اثنا ء گزشتہ روز جس بچے کی لاش برآمد ہوئی تھی اس کے والد کی تلاش ہنوز جاری ہے ۔ واضح رہے کہ بٹوارہ گنڈ بل سانحہ کے بارہ دن گزرچکے ہیں اور اس علاقہ میں گزشتہ بارہ روز سے صف ماتم بچھی ہوئی ہے ۔ آج بھی علاقہ کا ہر گھر ماتم کناں ہے ۔16اپریل گزشتہ منگل کو گنڈ بل بٹوارہ میں دریائے جہلم میں تقریباً 19 افراد کو لے جانے والی کشتی ڈوبنے کے بعد شروع ہونے والا ریسکیو آپریشن بارہویں روز بھی جاری رہا ۔ پہلے ہی روز اس سانحے میں چھ افراد ڈوب کر ہلاک اور دس افراد زندہ بچ گئے۔باپ بیٹے سمیت تین افراد لاپتہ تھے اور گزشتہ روز ایک بچے کی لاش ملی اور آج دوسرے بچے کی لاش برآمد ہوئی ۔ جبکہ ایک اور شخص کی لاش ڈھونڈنے کیلئے ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، پولیس، فوج کے علاوہ دیگر افراد کی ٹیمیں جو پانی سے لاشوں کو نکالنے میں مہارت رکھتی ہیں، اس آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مصروف ہیںذرائع نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن اس وقت دریائے جہلم کے متعدد مقامات پر جاری ہے اور مختلف مقامات کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔ ادھر رواں ماہ کی 22 تاریخ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گنڈل بل علاقے کا دورہ کیا جہاں انہوںنے دریائے جہلم میں ڈوب از جان ہوئے اور لاپتہ افراد کے کنبوں کے ساتھ ملاقات کی تھی اور ان کی ڈھارس بندھائی ۔