جموں و کشمیر میں دوسرے دن بھی بارش، پہلگام میں تازہ برفباری

شبانہ درجہ حرارت میں پھر گراوٹ ، اتوار سے موسم میں بہتری کا امکان ۔ محکمہ موسمیات

سرینگر//وادی کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے شدید بارشیں اور بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہونے کی وجہ سے دن او رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے جس دوران سنیچر کو دوپہر کے بعد مطلع صاف ہوا اور دھوپ کھل اُٹھی ۔ ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں میں سری نگر میں 29.7 ملی میٹرریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس بیچ محکمہ موسمیات نے 31مارچ یعنی اتوار سے موسم بہتر ہونے کی پیش گوئی کی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کے کئی حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بڑے پیمانے پر بارش ہوئی، جب کہ بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئی۔اس بیچ گزشتہ دو دنوں میں یعنی جمعہ کی شب اور سنیچر کی شب کو رات بھر شدید بارشیں ہوئیںجبکہ کئی بالائی علاقوں بشمول افروٹ پہاڑیوں ، سونہ مرگ اور پہلگام میں تازہ ہلکی برفباری ہوئی ۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات کے مرکز نے اگلے 24 گھنٹوں میں جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش یا برف باری اور گرج چمک کے ساتھ اور 31 مارچ سے بارش میں کمی کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سری نگر میں 29.7 ملی میٹر، پہلگام میں 35.4 ملی میٹر، گلمرگ میں 26.6 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 22.6 ملی میٹر، کوکرناگ میں 30.2 ملی میٹر، اور کپواڑہ میں 20.2 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔جموں خطے میں بانہال میں 43.8 ملی میٹر، بھدرواہ میں 16 ملی میٹر، بٹوٹ میں 29.2 ملی میٹر، کٹرہ میں 37.4 ملی میٹر اور جموں میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی۔پہلگام کے سیاحتی مقام سمیت بالائی علاقوں میں کل رات ہلکی برفباری ہوئی۔جبکہ گزشتہ رات سونہ مرگ میں ہلکی برفباری کے بیچ برفانی تودے گرآئے جس کے نتیجے میںگئی سیاح گاریاں اس کی زد میں آچکی تھیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا ۔ ادھر میدانی علاقوں میں تیز بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے رات کے درجہ حرارت میں بھی کمی دیکھی گئی، سری نگر میں گزشتہ رات کے 8.2 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں کم از کم 6.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ایم ای ٹی نے کہا کہ پہلگام میں 1.3 اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سیلسیس تھا۔محکمہ موسمیات نے اتوار تک موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ 1 اور 5 اپریل کے درمیان موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے، 3 اپریل کو الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش کے ساتھ۔