Nayeem Ul Haq

’’آمد بہار میں احساس سرما ‘‘ موسمی صورتحال میںپھر تبدیلی ، موسلا دار بارشیں اور ہلکی برفباری ریکارڈ

کئی علاقوں میںبادل گرجنے کے ساتھ جم کر بارشوں سے سردی لوٹ آئی ، چار اضلاع میں تودے گرنے کی وارننگ جاری

سرینگر //وادی کشمیر میں موسم نے یکایک کروٹ بدلتے ہوئے اہلیان وادی کوایک بار پھر سردی کااحساس دلایا ۔ شہر سرینگر سمیت وادی کے دوسرے اضلاع میں بارشیں جبکہ سیاحتی مقامات گلمرگ، سونہ مرگ ، گریز ، زوجیلا اور دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔کہیں علاقوں میں تیز ہوئوں کے نتیجے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا جبکہ کہیں کہیں پر گرج چمکنے کے ساتھ ہلکی موسلا دار بارشیں بھی ہوئی۔اسی دوران محکمہ موسمیات نے مجموعی طور پر 31مارچ تک خراب موسم رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے باغات اور کھیتوں کی آبپاشی اور کھیتوں میں دوا پاشی کا عمل ملتو ی کرنے کی تاکید کی ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ بدلی جس کے ساتھ ہی تازہ بارشیں ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ کہیں کہیں پر گرج چمکنے اور بادل گرجنے کے ساتھ ساتھ جم کر بارشیں ہوئی ۔ جس نے ایک بار پر اہلیان وادی کو سردی کا احساس دلایا۔ شہر سرینگر میں صبح سے جم کر بارشیں ہوئی ۔ جس کے نتیجے میں معمو ل کی زندگی متاثر ہو گی اور لوگو ں نے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی ۔ اسی دوران شہر سرینگر میں جمعہ کی صبح سے ہی جم کر بارشیں ہوئی جس کے نتیجے میں سردی کی لہر واپس لوٹ آئی اور لوگوں نے گرم ملبوسات زیب تن کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ۔ بارشوں کے نتیجے میں دن بھر معمول کی زندگی متاثر رہی جبکہ بازاروں میں دن بھر نقل و حمل کم ہی دیکھنے کو ملی اور لوگوں نے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی ۔ اس دوران وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام اور ضلع گاندربل میں بھی جم کر بارشیں ہوئی۔ ادھر جنوبی کشمیر سے بھی نمائندوں نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی کشمیر کے تمام علاقوں میں بھی دن بھر موسلا دار بارشوں کے نتیجے میں معمول کی زندگی متاثر رہی اور بارشوں کے نتیجے میں موسم سرما جیسا احسا س دوبارہ لوٹ آیا ۔ بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کا تیز بہائو برھ گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں 25.2 ملی میٹر بارش جس کے بعد بانہال 20.4 ملی میٹر، پہلگام میں 17.8 ملی میٹر، گلمرگ میں17.6 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں13.0 ملی میٹر، کوکرناگ میں 11.0 ملی میٹر ، کپواڑہ 8.9 ملی میٹر، بھدرواہ 8.6 ملی میٹر، بٹوٹ میں4.8 ملی میٹربارشیں ریکارڈ کی گئی جبکہ بالائی علاقوں خاص طو رپر گلمرگ ، سونہ مرگ ، گریز اور پیر کی گلی کے مقام پر تازہ برفباری درج ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے شبانہ درجہ حرارت کے بارے میں بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات 9.8 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 8.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا او ر اسی طرح سے قاضی گنڈ میں گزشتہ رات 9.8 ڈگری کے مقابلے میں کم از کم 8.4 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور شہرہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات 3.0 ڈگری کے مقابلے میں 0.4ڈگری سیلشس کا کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ عہدیدار نے بتایا کہ کوکرناگ میں کم از کم درجہ حرارت 7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں تھا اور کپوارہ میں گزشتہ رات 9.5 ڈگری کے مقابلے میں 7.3 ڈگری سیلشس کا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 19.6 ڈگری سینٹی گریڈ ،بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں 10.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق مغربی ہوائیں جموں و کشمیر کے حدود میں داخل ہو گئی ہیں جس کے نتیجے میں بارشوںکی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی ۔واضح رہے کہ گذشتہ روز محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر وادی کشمیر میں مطلع ابر و آلود رہنے کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برفباری ہونے کی پیشنگوئی کی تھی۔محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھا کہ آنے والے 24گھنٹوں کے دوران مغربی ہوائیں جموں و کشمیر کے حدود میں داخل ہوسکتی ہے اور موسم میں تبدیلی آنے کا امکان ہے ،محکمہ کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں وادی کشمیر کے چند ایک مقامات پر بارشیں ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ31مارچ تک کئی مقامات پر وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ نے کسانوں پر زور دیا ہے کہ وہ رواں ماہ کے آخر تک باغات اور کھیتوں کی آبپاشی کو اسپرے کرنے کو ملتوی کر دیں۔محکمہ موسمیات نے مسافروں پر بھی زور دیا کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے ٹریفک حکام سے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں کی سڑک کی حالت کی تصدیق کریں۔ادھر جموں و کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جمعہ کو کشمیر صوبے کے چار اضلاع کیلئے درمیانے درجے کے برفانی تودے کی وارننگ جاری کی۔ایک ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ اور گاندربل اضلاع میں 2400 میٹر کی بلندی کے ساتھ برفانی تودہ گرنے کا امکان ہے۔ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اگلے احکامات تک برفانی تودے کے شکار علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔