rain

وادی کشمیر میں جاری خراب موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیا ت نے اعداد و شمار جار ی کی

سال رواں میں وادی کے سات اضلاع میں معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئی

سرینگر // وادی کشمیر میںجاری خراب موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیا ت نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ کشمیر کے سات اضلاع میں امسال معمول سے کم بارشیں ریکارڈ ہوئی جن میں سے پہاڑی ضلع شوپیان واحد ضلع ہے جہاں انتہائی کم بارش ہوئی ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں جاری کل سے ہی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اورر محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کے آخر تک بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی ہے وہیں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال رواں میں وادی کے سات اضلاع ایسے ہیں جہاں معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ۔ اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ سرینگر، اننت ناگ، بڈگام، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام اور کپواڑہ میں 01 مارچ سے 27 مارچ 2024 تک کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سرینگر میں 80.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ عام طور پر یہ 102.2 ہوتی تھی، جو اس مدت کے دوران 21 فیصد کی کمی کو ریکارڈ کرتی ہے تاہم اننت ناگ میں 74.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ معمول کی بارش 125.6 ملی میٹر ہے ۔ اسی طرح سے بڈگام میں اس مدت کے دوران 10.3.0 ملی میٹر کے معمول کے مقابلے میں 58.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔بانڈی پورہ اور گاندربل میں بالترتیب 49 فیصد اور 24 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، اعداد و شمار نے مزید کہا کہ کولگام اور کپوارہ میں بالترتیب 44 فیصد اور 46 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق، جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں 76 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ عام بارش 101.2 ملی میٹر ہے، تاہم ان دنوں اسٹیشن میں صرف 24.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ بارہمولہ اور پلوامہ اسٹیشنوں میں اس مدت کے دوران معمول کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ماہر موسمیات نے جموں و کشمیر میں 31 مارچ تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کرتے آئندہ کچھ دنوں تک خراب موسم رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔