چالیس سے پچاس کلو میٹر سفر طے کرکے کالج پہنچا پڑتا ہے
سرینگر///جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہلگام علاقے میں ڈگری کالج نہ ہونے کی وجہ یہاں کے طلبہ کو 45 کلو میٹر دور ڈگری کالج اننت ناگ آنا پڑتاہے جبکہ سرکار نے کئی دفعہ وعدہ کیا تھا کہ پہلگام کیلئے ایک ڈگری کالج دیاجائے گا تاہم ابھی اس پر عمل نہیں کیاگیا۔ مقامی طلبہ اور عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ پہلگام میں فوری طور پر ڈگری کالج قائم کیا جائے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہلگام علاقے میں ڈگری کالج نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ا نہوںنے کہا کہ پہلگام کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو چالیس ،پچاس کلو میٹر کا سفر طے کرکے ڈگری کالج اننت ناگ پہنچناپڑتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ علاقہ قریب دو لاکھ نفوس پر مشتمل ہے جس میں کم و بیش بیس ہزار طلبہ ہے جن میں سے ہزاروں کو ڈگری کالج جانا پڑتا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ سماجی کارکن محمد سلطان شیخ نے وی او آئی نمائندے امان ملک کو بتایا کہ لوگوں کا یہ دیرینہ مطالبہ ہے اور کئی دفعہ ہم نے سرکار سے اس بارے میں مطالبہ کیا ہے جس پر پچھلی سرکاروں نے وعدے تو کئے تھے لیکن زمینی سطح پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوںنے کہاکہ 2012 سے یہاں کے لوگ یہ مطالبہ کرتے آئے ہیں۔ ادھر عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پہلگام میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ یہاں کے لوگوں خاص کر طلبہ کو پریشانی سے چھٹکارا مل جائے۔










