رِیاسی// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے ککریال میں گورنمنٹ ڈِگری کالج کٹرا ہ کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا اِفتتاح کیا، جوکہ اعلیٰ تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، طلبأکو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ جے اینڈ کے ہاؤسنگ بورڈ نے کالج کی عمارت تقریباً 12.92 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی ہے۔اِس موقعہ پر ممبر قانون ساز اسمبلی کٹراہ بلدیو راج شرما، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر شیخ اعجاز بشیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں، کالج کے پرنسپل، فیکلٹی ممبران، بڑی تعداد میں طلبأ اور مقامی باشندے بھی موجود تھے۔وزیر موصوفہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی نئی عمارت کی تکمیل پر طلبأ، فیکلٹی ممبران اور کٹراہ کے لوگوں کو مُبارک باد دِی۔ اُنہوں نے کہا کہ نئی عمارت ان طلبأ کو بہتر بنیادی ڈھانچہ اور معیاری تعلیم فراہم کرے گی جو اس سے قبل عارضی اِنتظامات کے تحت تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ اُنہوں نے اس منصوبے کے لئے ضروری فنڈز جاری کرنے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ اَدا کیا اور عمارت کو مکمل کرنے میں کام کرنے والی ایجنسیوں ، اِنجینئروں او ردیگر تمام شراکت داروں کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے اعلان کیا کہ دُور دراز علاقوں سے آنے والے طالب علموں کی سہولیت کے لئے فوری طور ایک کالج بس منظور کی جائے گی۔ اُنہوں نے یہ بھی یقین دِلایا کہ کالج میں طالب علموں کی مناسب تعداد اور طلب کے پیش نظر کالج میں کامرس سٹریم شروع کیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے دیگر مطالبات پر توجہ دیتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو ہدایت دی کہ مطلوبہ این او سی حاصل ہونے کی صورت میں کٹرا ہ ہسپتال کو محکمہ آبپاشی کی اراضی اور عمارت میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیا جائے۔ اُنہوں نے علاقے کے لئے مکمل سہولیات سے لیس 108 ایمبولینس فراہم کرنے کی کوششوں کا یقین دِلایا۔اُنہوںنے اعلیٰ تعلیمی اِداروں میں طلب اور ضرورت کے مطابق نئے کورسز متعارف کرنے پر حکومت کی توجہ کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ بی پی ایل اور اے اے وائی زُمروں سے تعلق رکھنے والے طلبأ اعلیٰ تعلیم کے لئے فیس معافی کے مراعات کے اہل ہیں۔ اُنہوں نے مقامی نمائندوں، کمیونٹی رہنماؤں، والدین اور طلبأ پر زور دیا کہ وہ کالجوں میں زیادہ سے زیادہ داخلوں کی حوصلہ اَفزائی کریں۔ اُنہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر میں کوئی بھی طالب علم اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے محروم نہیں رہے گا۔اُنہوں نے ممبر اسمبلی کٹراہ بلدیو راج شرما کے کردار کو بھی سراہا جنہوں نے کالج کی عمارت کی تعمیر اور تکمیل کے لئے مسلسل کوششیں کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت، منتخب نمائندوں، عمل آوری ایجنسیوں اور اِنجینئروں کی اِجتماعی کوششوں سے یہ منصوبہ حقیقت کا روپ دھار سکا۔ممبر اسمبلی کٹرا ہ بلدیو راج شرما نے بھی اِجتماع سے خطاب کیا اور کالج کی عمارت مکمل کرنے پر حکومت اور متعلقہ محکموں کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے کٹراہ اور ملحقہ علاقوں کے طالب علموں کے لئے ادارے کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور حلقہ میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔پرنسپل ڈاکٹر رجنی بھگت نے اَپنے خطبہ استقبالیہ میں گورنمنٹ ڈِگری کالج کٹراہ کی کامیابیوں، تعلیمی ترقی اور ترقیاتی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے ایک تفصیلی رِپورٹ پیش کی۔ اُنہوں نے تعلیمی بنیادی ڈھانے کو مضبوط بنانے اور معیاری تعلیم کے فروغ میں مسلسل تعاون پر حکومت اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کا شکریہ اَدا کیا۔اِس سے قبل سکینہ اِیتو نے کالج کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا جو ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز مستقبل کے عزم کی علامت ہے۔










