دھامی کی عوام سے یومِ آزادی پر اپنے گھروں میں ترنگا لہرانے کی اپیل

دہرادون/یواین آئی// اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اتوار کو دہرادون کے گاندھی پارک میں منعقدہ ‘ہر گھر ترنگا’ یاترا میں شرکت کی۔پروگرام کے آغاز سے قبل انہوں نے گھنٹہ گھر میں اتراکھنڈ تحریک کے رہنما آنجہانی اندرمنی بڑونی اور بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسموں پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے گاندھی پارک سے گھنٹہ گھر تک ہزاروں شہریوں کے ساتھ پیدل ترنگا یاترا میں شرکت کی۔ اس موقع پر ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یومِ آزادی پر اپنے اپنے گھروں میں ترنگا لہرانے اور حب الوطنی کے جذبے کو ہمیشہ روشن رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ترنگے کو کروڑوں ہندوستانیوں کے وقار اور خودداری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیوبھومی کے ذرے ذرے میں حب الوطنی بسی ہوئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ‘میک اِن انڈیا’، ڈیجیٹل انقلاب اور دیسی ٹیکنالوجی کی طاقت کے بل پر عالمی طاقت اور خود کفالت کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے بھارتی فوج کے بڑھتے حوصلے ، سرجیکل اسٹرائیک اور آپریشن سندور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اب دفاعی شعبے میں برآمد کنندہ بن چکا ہے۔
اتراکھنڈ کو دیوبھومی کے ساتھ ساتھ ویر بھومی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے تقریباً ہر دوسرے خاندان کا بیٹا سرحد پر تعینات ہے اور ریاستی حکومت اپنے بہادر جوانوں، سابق فوجیوں اور شہید خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ۔