وزارت داخلہ کی قومی پرچم زمین پر نہ پھینکے کی ہدایت

وزارت داخلہ کا ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو بیداری مہم چلانے کا مشورہ

سرینگر// مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فلیگ کوڈ آف انڈیا پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ قومی پرچم کو زمین پر نہ پھینکا جائے اور نہ ہی تقریبات کے بعد اس کی بے حرمتی ہو۔یو این ایس کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سیکریٹریز کو جاری ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ قومی پرچم ملک کے عوام کی امیدوں اور امنگوں کی علامت ہے، اس لیے اسے ہمیشہ عزت اور وقار کے مقام پر رکھا جانا چاہیے۔ وزارت نے نشاندہی کی کہ اکثر افراد، تنظیموں اور بعض سرکاری اداروں میں قومی پرچم کی نمائش سے متعلق قوانین، روایات اور ضوابط کے بارے میں مکمل آگاہی کا فقدان پایا جاتا ہے۔ وزارت نے ہدایت دی کہ اس حوالے سے وسیع پیمانے پر عوامی بیداری مہم چلائی جائے اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے فلیگ کوڈ کی تشہیر کی جائے، خاص طور پر یومِ آزادی، یومِ جمہوریہ اور دیگر قومی تقریبات کے موقع پر۔مراسلے کے مطابق اہم قومی، ثقافتی اور کھیلوں کی تقریبات کے دوران عوام کاغذ سے بنے قومی جھنڈے استعمال کر سکتے ہیں، تاہم تقریبات کے اختتام پر ان جھنڈوں کو زمین پر پھینکنا یا بے توقیری کے انداز میں ضائع کرنا فلیگ کوڈ کے منافی ہوگا۔وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ قومی پرچم ہاتھ سے کاتا اور بْنا ہوا یا مشینی طریقے سے تیار کیا جا سکتا ہے، جبکہ اس کی تیاری میں کپاس، پالئییسٹر، اون، ریشم یا کھادی کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔فلیگ کوڈ آف انڈیا 2002 میں 19 جولائی 2022 کو ترمیم کے بعد عوام، نجی اداروں اور تعلیمی اداروں کو تمام مواقع پر قومی پرچم لہرانے کی اجازت دی گئی ہے، بشرطیکہ اس کے وقار اور احترام کو برقرار رکھا جائے۔ کھلی جگہوں یا گھروں پر قومی پرچم دن اور رات دونوں اوقات میں لہرایا جا سکتا ہے۔یو این ایس کے مطابق وزارت نے مزید کہا کہ قومی پرچم ہمیشہ نمایاں اور باوقار مقام پر نصب کیا جائے، کسی خراب یا پھٹے ہوئے جھنڈے کو نہ لہرایا جائے اور قومی پرچم کے ساتھ کسی دوسرے جھنڈے کو ایک ہی ڈنڈے پر نہ لگایا جائے۔مراسلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ صدر جمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم اور گورنروں سمیت فلیگ کوڈ میں درج مخصوص معزز شخصیات کے علاوہ کسی اور گاڑی پر قومی پرچم نہیں لگایا جا سکتا، جبکہ کسی دوسرے جھنڈے یا سجاوٹی کپڑے کو قومی پرچم سے بلند یا اس کے برابر نہیں رکھا جا سکتا۔