Nayeem Ul Haq

رات بھر صاف آسمان رہنے کے باعث وادی کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج

7جنوری تک موسم خشک جبکہ 8سے 10جنوری تک میدانی اور بالائی علاقوں میں برفباری ہونے کا امکان

سرینگر / / چلہ کلان کے ایام میں بھی دن بھر کھلی دھوپ نکلنے اور رات کو آسمان صاف رہنے سے چلہ کلان کی شدید ترین سردی کی لہر کے بیچ وادی کے بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت ایک بار پھر نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا جس سے سردی کی شدت میں ایک پھر اضافہ محسوس کیا گیا ۔سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 6.2ڈگری اور شوپیان منفی 6.7ڈگری سیلشس ساتھ سرد ترین علاقہ درج ہوا ۔ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ دنوں تک خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے 7جنوری تک برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق کشمیر اور صوبائی علاقے لہہہ اور کرگل میں سردی کی شدید لہر نے پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ خطہ لداخ بھی شدید ٹھنڈ میں ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل خشک موسم کے درمیانپوری وادی میں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرتا رہا۔محکمہ کا کہنا ہے کہ مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں منفی 4.4 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح سے محکمہ موسمیات کے مطابق شہرہ آفاق گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا ہے۔کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.6 ڈگری سیلشس جبکہ کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.7 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شوپیان علاقہ بھی سرد ترین رہا جہاں رات کا درجہ حرارت منفی 6.7ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ اسی دوران سردی کی شدید لہر کے بعد اونی لباس اور گرم ملبوسات کی طلب بڑھ گئی ہے۔ شدید ترین سردی کی وجہ سے مارکیٹوں اور بازاروں میں شہری آگ جلا کر سردی کے اثرات کو کم کرنے میں مصروف نظر آتے ہیں۔ سردی بڑھتے ہی گیس اور لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ لداخ اور لہیہ میں شدید سردی اور ناکافی سہولیات نے شہریوں کے معمولات زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دنوں تک خشک موسمی صورتحا ل کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ 7جنوری تک موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔ تاہم 8سے 10جنوری تک جموں کشمیر کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ برفباری ہونے کا امکان ہے ۔