جے اینڈ کے یتیم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ٹاون ہال کپواڑہ میں تقریب منعقد

11 طلبہ میں 66 ہزار روپے کی اسکالرشپ کی قسط تقسیم کی،محفل مشاعرہ منعقد

سرینگر / /جے اینڈ کے یتیم فاؤنڈیشن نے 6 لڑکیوں سمیت 11 طلباء میں 66 ہزار روپے کا تعلیمی وظیفہ تقسیم کیا۔ کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق ٹاؤن ہال کپواڑہ میں منعقد ایک تقریب پر بولتے ہوئے معروف شخصیت، مصنف اور سماجی کارکن ڈاکٹر معروف شاہ نے عوام سے مطالبہ کیا کہ معاشرے کے سب سے زیادہ مستحق اور معاشی طور پر کمزور طبقات کی فلاح و بہبود، زندگی میں آسانی کے لیے پوشیدہ انسانی صلاحیتوں، ہنر اور صلاحیتوں کو متحرک کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ذات وپات ، رنگ ونسل اور علاقائی تفاوت سے بالاتر ہوکر کام کرنے کیلئے یتیم فاؤنڈیشن کے اقدامات کی سراہنا کی۔ ڈاکٹر معروف نے تمام رضاکاروں اور غیر سرکاری تنظیموں سے تاکید کی کہ وہ فلاحی کاموں میں ایمانداری، شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائیں۔قبل ازیں سینئر رضاکار پیر جاوید اقبال نے یتیم فاؤنڈیشن کے مختلف فلاحی اور بحالی کے پروگراموں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔تقریب میں طلبہ کے والدین اور محفل میں شریک ہوئے شعرائے کرام اور فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور زندگی کے دیگر شعبوں سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر جے کے وائی ایف کے سیکرٹری فائنانس محمد اسحاق شیخ بھی موجود تھے۔ضلعی نمائندہ یتیم فاؤنڈیشن عبدالر حیم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طلبہ سے تاکید کی کہ وہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے لگن، عزم، ولولے اور جوش کے ساتھ محنت کریں۔اس تقریب کا اہتمام جے کے وائی ایف نے کلچرل فورم کپوارہ کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب کے دوران کئی ممتاز شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کیا اور حاضرین سے داد تحسین پیش کی۔پروگرام کی نظامت یتیم فاؤنڈیشن کے ترجمان جاوید جواد نے کی۔