لیفٹیننٹ گورنر نے ’ ویر بال دیوس‘ کے موقعہ پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی

وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں جموںوکشمیر میں آنند میریج ایکٹ عملایا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر

جموں / /لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج بھگوتی نگر کے گوردوارہ میں ’ویر بال دیوس‘ کے موقعہ پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اُنہوں نے گورو گوبند سنگھ جی مہاراج کے شاگرد بابا بندہ سنگھ بہادر جی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور ایک ’شبد کیرتن ‘ میں شرکت کی۔اُنہوں نے کہا کہ گوروجی کے چار صاحبزادے جرأت، بہادری اور قربانی کا مظہرتھے۔ اُنہوںنے کہا کہ صاحبزادوں کی زندگی، نظریات اور بہادری کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ہمارے عظیم گوروئوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ سماج تمام امتیازی سلوک، خوف اور عدم تحفظ سے پاک ہو۔ صاحبزادوں کا یوم شہادت قوم کے لئے ہمارے قابل احترام سکھ گوروئوں کی خدمات کو یاد کرنے کا ایک موقعہ ہے اور ہمیں ان کے نظریات کو حاصل کرنے کے لئے انتھک جدوجہد کرنی چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ سکھ گورئووں نے ہندوستان کی سا لمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے مشترکہ عزم کے ساتھ کام کیا اور سماجی اِنصاف، سماجی ہم آہنگی اور سماج کے تمام طبقات کو بااختیار بنانے کو فروغ دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ ہم سب کے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ پورا معاشرہ اَپنے عظیم گورئووں، صاحبزادوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھا ہوا ہے اور قوم کی تعمیر کے کام کا عزم کیا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموںوکشمیر میں آنند میریج ایکٹ عملایا گیا ہے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ جموں کشمیر میں کیا تبدیلی آئی ہے۔ اگر جموں کشمیر میں آرٹیکل 370 برقرار رہتا تو آنند میریج ایکٹ حقیقت نہیں بن جاتا۔ اِنتظامیہ ریاسی میں بابا بندہ سنگھ بہادر جی کے شرائین کو بحال کر رہی ہے۔ ملک بھر سے عقیدت مند اور سیاح بابا بندہ سنگھ جی کے روحانی کی زیارت کرسکیں گی.لیفٹیننٹ گورنر نے تعلیم میں پنجابی زبان کو فروغ دینے کے لئے یونین ٹریٹری اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔