سری نگر میں رات گئے آگ کی ہولناک واردات

شہر سرینگر میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ درج

سال رواں کے دوران سرینگر میں 472 سے زائد آتشزدگی کے واقعات ،284 ڈھانچے جل کر خاکستر

سرینگر// موسم سرما میں آگ لگنے کے بڑھتے واقعات کے بیچ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے انکشاف کیا ہے کہ سال رواں کے دوران سرینگر ضلع میں 472 سے زائد آتشزدگی کے واقعات رونما ہوئے جن میں 284 ڈھانچے جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ آٹھ افراد بھی زخمی ہوئے ۔ سٹار نیوز نیٹ ورک کے مطابق وادی کشمیر میں سرما کے موسم کے دوران آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ درج کیا جاتا ہے۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ سال رواں میں ابھی تک شہر سرینگر کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے 472واقعات رونما ہوئے جس دوران 284ڈھانچوں کو نقصان پہنچ گیا اور ان میں موجود ساز و سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آگ لگنے کے ان واقعات میں تباہ شدہ املاک کی مالیت کروڑوں روپے ہیں ۔اعداد و شمار میں سرینگر میں آگ سے متعلقہ صورتحال کی تعدد پر روشنی ڈالتے ہوئے محکمہ فائر سروس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعات پر روکتھام کیلئے عوامی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف اینڈ ای ایس کمانڈنٹ سرینگرعاقب حسین میر نے کہا کہ محکمہ عوام کو آگ سے حفاظت کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شروع کی گئی ایک مہم میں وادی کے مختلف حصوں میں کامیاب بیداری پروگرام شامل تھے۔ انہوں نے کہا، “ان اقدامات کا بنیادی مقصد لوگوں کو آگ سے حفاظت کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرنا، ان کے علاقوں میں ہونے والے واقعات پر ردعمل دینے کے بارے میں رہنمائی کرنا، اور انہیں جان بچانے کیلئے بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائر ایمرجنسی کے دوران کیا اور نہ کرنا کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔گزشتہ سال کے مقابلے آتشزدگی کے واقعات میں کمی کے باوجود ڈپٹی ڈائریکٹر نے امید ظاہر کی کہ جاری آگاہی پروگراموں سے واقعات کی تعداد میں مزید کمی آئے گی۔