پریرنا پوری نے ریاسی میں عوامی دربار منعقد کیا

عوامی شکایات ، مطالبات پر بر وقت کارروائی کی یقین دہانی کرائی

ریاسی//کمشنر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹس پریرنا پوری نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی اور ضلع کے لوگوں کی شکایات اور مطالبات کا جائیزہ لیا ۔ عوامی دربار کو معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے زبردست رد عمل دیکھنے کو ملا ۔ چئیر مین ضلع ترقیاتی کونسل صراف سنگھ ناگ ، ضلعی ترقیاتی کونسل اراکین ، بی ڈی سی چئیر پرسنز ، صدر میونسپل کونسل ریاسی ، سرپنچوں اور ممتاز شہریوں ، سیلف ہیلپ گروپس ، این جی اوز پر مشتمل وفود نے اس تقریب میں شرکت کی اور اپنی شکایات اور مطالبات کی یاداشت پیش کیں ۔ عوام کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل میں تعلیمی اداروں میں تدریسی عملے کی معقولیت اور ضلع بھر میں اسکولو کی عمارتوں کی تعمیر ، اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی عدم دستیابی ، روڈ کنیکٹیویٹی ، منریگا ، پی ایم اے وائی ہاوسز، جل جیون مشن وغیرہ شامل ہیں ۔ عام طور پر عوام نے مختلف خدمات کی فراہمی میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ۔ ریاسی شہر کے ممتاز شہریوں کے وفد نے مدر اینڈ چائیلڈ کئیر ہسپتال ریاسی کو فعال بنانے ، سولا پارک کی اپ گریڈیشن اور اسے تاریخی بھیم گڑھ قلعے سے کیبل کار کے ساتھ جوڑنے اور بارا دری پل ریاسی کے قریب دریائے چناب کے کنارے پر شمشان گھاٹ کی ترقی کے مطالبات اٹھائے ۔ کمشنر سیکرٹری نے مقررین کی تحمل سماعت کی اور یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مسائل جو کہ ضلعی سطح پر قابل حصول ہیں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ترجیح دی جائے گی اور حکومت سے متعلق معاملات ان کی طرف سے سول سیکرٹریٹ میں متعلقہ محکموں کو پیش کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ضلعی افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ محکمے کی خدمات کی فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کریں ، اس طرح عام آدمی کی زندگی کو آسان بنایا جائے جو کہ ’’ گُڈ گورننس‘‘ کا ایک لازمی پیمانہ ہے ۔ محترمہ پریرنا پوری نے منتخب نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے ڈیجٹل اقدامات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کریں جس کے ذریعے عوام تک ان کی پریشانی سے پاک ترسیل کیلئے 1000 سے زیادہ آف لائن خدمات آن لائن کی گئی ہیں ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی ببیلا رکوال نے کمشنر سیکرٹری اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ وہ حکومت کے اقدامات کو بامقصد اور کامیاب بنانے میں فعال حصہ لے رہے ہیں ۔