شیتل نندا نے سانبہ میں عوامی دربار کی صدارت کی

سانبہ//کمشنر سیکرٹری سوشل ویلفیئر شیتل نندا نے ڈی سی آفس کمپلیکس میں ایک عوامی دربار کی صدارت کی تاکہ مقامی لوگوں کو درپیش مختلف مسائل اور خدشات کو جامع طور پر حل کیا جا سکے۔اِس تقریب میں ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے اراکین، پی آر آئی، بیوپار منڈل، مختلف ایسو س ایشنوں کے ممبران ، سول سوسائٹی اور دیگر ممتاز شہریوں سمیت سماج کے مختلف طبقوںکے نمائندوں اور کمیونٹی کی طرف سے زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا۔شرکاء نے اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق متعدد شکایات اور مطالبات اُٹھائے اور ان کے جلد ازالے کا مطالبہ کیا۔چیئرپرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کیشو دت شرما، وائس چیئرپرسن ڈی ڈی سی بلوان سنگھ اور بی ڈی سی ممبران نے پی آر آئی کے دیگر نمائندوں کے ساتھ جل جیون مشن کے تحت ترقی کی رفتار کو تیز کرنے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سرحد پار فائرنگ سے متاثرہ سرحدی علاقوں کے رہائشیوں پر توجہ مرکوز کرنے ،تاریخی قلعوں کا تحفظ ، سیاحت کو فروغ دینا اوراَپنے حلقوں کے لئے مخصوص دیگر اہم ترقیاتی ترجیحات سمیت متعدد اَمور پر روشنی ڈالی۔شیتل نندا نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقعہ پر ہی متعدد خدشات کو دور کیا اور ااُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی شکایات کی مؤثر پیروی اور اَزالے کے لئے مقررہ اصولوں اور ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کریں۔اِس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ ابھیشیک شرما، ایس ایس پی بینم توش اور ضلعی افسران موجود تھے۔کمشنر سیکرٹری نے اپنے خطاب میں تمام شرکأکا ان کی فعال شمولیت پر شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے موجودہ پروٹوکول اورقواعد و ضوابط کے مطابق اٹھائے گئے مسائل کو حل کرنے کے لئے اَپنے عزم پر زور دیا۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی نے عوامی دربار اور دیگر سینئر افسران کے ذریعے انتظامی سیکرٹریوں کو ’’بیک ٹو وِلیج‘‘ پروگرام میں شامل کرنے، شہریوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور مطالبات کو سمجھنے اور ان کے حل کے لئے فعال موقف کا مظاہرہ کرنے کے حکومت کے سٹریٹجک نقطہ نظر کو سراہا۔ اُنہوں نے نچلی سطح پر مؤثر حکمرانی کے لئے پی آر آئیز کو بااِختیار بنانے کے لئے حکومت کے اَقدامات کو بھی سراہا۔