شیر کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر نے سیاحت کا عالمی دِن منایا

سری نگر//شیر کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر ( ایس کے آئی سی سی ) نے آج سیاحت کا عالمی دِن منایا جس میں ایس کے آئی سی سی کے تمام اَفسران نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹرشیر کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر ( ایس کے آئی سی سی ) بخشی ہمایوں جاوید نے ایس کے آئی سی سی کو ملک کا گرین کلین کانفرنس سینٹر بنانے کا حلف اُٹھایا جو ورلڈ ٹورازم ڈے ۔2023ء کے تھیم ’’سیاحت اور سبز سرمایہ کاری‘‘ کی عکاسی کرتا ہے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر موصوف نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کا عالمی دن مناتے ہوئے ہمیں اِس بات کی یاد دہانی کی جاتی ہے کہ سیاحت معاشی ترقی، ثقافتی تبادلے اور سماجی شمولیت کو فروغ دینے میں بے پناہ صلاحیت رکھتی ہے۔اَپنی جدید ترین سہولیات اور بہترین کارکردگی کے عزم سے ایس کے آئی سی سی کانفرنسوں ، کنونشنوں اور ثقافتی تقریبات کے لئے ایک اہم مقام بن گیا ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ایس کے آئی سی سی جموں و کشمیر میں سیاحت ، اِقتصادی ترقی اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں اہم کردار اَدا کر رہا ہے۔اِس موقعہ پرشیر کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر ( ایس کے آئی سی سی ) کے اَفسروں نے بھی صفائی مہم میں حصہ لیا۔