سی ایس سی ڈیجی وین اور بائیک ریلی کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے کولگام میں ڈیجیٹل ہفتہ کی تقریبات کا آغاز منی سیکرٹریٹ میں ڈیجی میلہ کا اِفتتاح کرنے سے کیا۔اِس میں پی آر آئی کے اراکین ، طلباء اور مقامی لوگوں نے پروگرام میں حصہ لیا اور مختلف آن لائن خدمات سے واقفیت حاصل کی۔دوران میلہ مختلف محکموں نے عوام میں ان کی طرف سے پیش کی جانے والی آن لائن خدمات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور اس طرح کی خدمات کی سپاٹ ڈیلیوری کی سہولیت کے لئے سٹال لگائے تھے۔میلے کے پہلے دِن زبردست ردِّعمل دیکھنے میں آیا اور اَفسران ، ماہرین اور ریسورس پرسنوں کو اَپنے اَپنے سٹالوں پر دستیاب آن لائن خدمات کے بارے میں لوگوں کو آگاہی دیتے ہوئے دیکھا گیا۔مزید برآں ، محکموں نے اَپنے محکموں سے متعلق آن لائن خدمات کی نمائش کرنے والے ہورڈنگ اور بینرتیار کئے تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے منی سیکرٹریٹ کے اَحاطے میں مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے اِن سٹالوں کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ویک منانے کا مقصد شفافیت لانا، ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینا او رعوامی خدمت کی فراہمی میں آن لائن خدمات سے ضلع کے عوام کو بااِختیار بنانا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ 450سے زیادہ خدمات آن لائن دستیاب ہیں اور آن لائن خدمات سے عوام کو بہت فائدہ ہوا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ہفتہ کے آخری چار دِنوں میں پنچایتوں اور بلاکوں میں بھی پروگرام چلائے جائیں گے۔دریں اثنأ، ڈیجی میلہ تقریب کے دوران سکولوں کے طلباء اور مقامی فن کاروں کی جانب سے تھیم پر مبنی ثقافتی پروگرام کئے گئے ۔اِس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی شوکت احمد راتھر نے بھی آن لائن سروسز کے فوائد کا تفصیل سے ذِکر کیا اور ڈیجیٹل سروسز کا زیادہ سے زیادہ اِستعمال کرنے کے لئے کہا۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے آن لائن خدمات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے منی سیکرٹری سے سی ایس سی ڈیجی وین اور بائیک ریلی کو بھی جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔










