omar abdullah

اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں مرکزی وزارت داخلہ کی کلیرنس حائل

بھاجپا کو پورے جموں وکشمیرمیں 10سیٹیں بھی حاصل نہیں ہونگی :عمرعبداللہ

سری نگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بدھ کے روز کہاکہ بھاجپا کو پورے جموں وکشمیرمیں 10سیٹیں بھی حاصل نہیں ہونگی ۔انہوںنے کہاکہ اگر بھاجپا کو یقین ہے کہ وہ اکثریت حاصل کرے گی ،تو اسمبلی انتخابات کروائے ۔جے کے این ایس کے مطابق ٹنگمرگ میں پارٹی کارکنوںکی ایک میٹنگ کے موقعہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاکہ رویندر رینا کے بولنے سے کیاہوگا،ہم جانتے ہیں کہ اسے پہلے بھی بہت لوگوںنے ایسے دعوے کئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ا گر بھاجپا کو یقین ہے کہ وہ اکثریت حاصل کرے گی ،تو اسمبلی انتخابات کروائے۔تاہم موصوف کاساتھ ہی کہناتھاکہ بھاجپا کو معلوم ہے کہ اُس کو کتنی سیٹیں ملنے والی ہیں ۔عمرعبداللہ کاکہناتھاکہ پورے جموں وکشمیرمیں BJP کو10سے زیادہ اسمبلی نشستوں پرکامیابی نہیں ملے گی ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ الیکشن کمیشن کو مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے کلیرنس مل جائے توکمیشن جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات کرانے کااعلان کرے گا،کیونکہ بقول موصوف خود الیکشن کمیشن کامانناہے کہ اسمبلی انتخابات نہ ہونے سے جموں وکشمیرمیں ایک خلاء موجود ہے ۔عمرعبداللہ نے کہاکہ اگررویندر رینا اور بھاجپا کے دوسرے لیڈروںکو یقین ہے کہ جموں وکشمیرکے لوگ اُن کیساتھ ہیں ،تووہ پارلیمانی انتخابات کیساتھ ساتھ جموں وکشمیرمیں اسمبلی الیکشن کروائیں ۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدرنے ایک اورسوال کے جواب میں لوگوں کو صبر کرنے کامشورہ دیا۔انہوںنے کہاکہ صبرکرنا مشکل ہے ،کوئی آسان کام نہیں ،لیکن میں لوگوں کو یہی مشورہ دئوں گاکہ وہ صبر کریں ،کیونکہ صبر کا پھل بالآخر میٹھا ہوتاہے ۔