5غیرملکی ملی ٹنٹ ہلاک ،آپریشن جاری، فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کا بھی استعمال:ADGPکشمیر وجے کمار
کپوارہ،سرینگر//جموں و کشمیر میں فوج کوانسدادملی ٹنسی ا وردراندازی میں اُسوقت ایک بڑی کامیابی ملی ،جب شمالی کشمیرکے سرحدی ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع جماگنڈعلاقے میں جمعہ کی صبح ایک خونین معرکہ آرائی میں 5غیرملکی ملی ٹنٹ مارے گئے،جن کی شناخت اورتنظیمی وابستگی کا پتہ لگانے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔فوجی حکام نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سرحدی پٹی میں ممکنہ طور پرمزید ملی ٹنٹوںکے چھپے ہونے کے پیش نظر پورے علاقے کومحاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی جاری رکھی گئی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سیکورٹی ذرائع نے بتایاکہ مخصوص اطلاع پر فوج اور پولیس کی مشترکہ پارٹیوں نے جمعرات کی شام سرحدی ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے جماگنڈ علاقے میں ایک آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران آدھی رات کو دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسزکے درمیان تصادم شروع ہوا۔کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کپواڑہ ضلع کے سرحدی علاقے جما گنڈ میں کپواڑہ پولیس کے مخصوص ان پٹ پر دہشت گردوں اور فوج اور پولیس کی مشترکہ پارٹیوں کے درمیان تصادم شروع ہوا ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے کہا کہ سرحدی علاقے میں حدمتارکہ کے قریب ہوئے تصادم میں پانچ غیر ملکی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے کوکھنگالنے اورتلاشی آپریشن جاری ہے،کیونکہ اس سرحدی علاقے میں مزید دہشت گردموجودیا چھپے ہونے کا اندیشہ ہے۔اے ڈی جی پی کشمیر زون وجے کمار نے مزید کہاکہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد محاصرے کو مزید سخت کرنے کے لئے اضافی نفری کو علاقے میں پہنچا دیا گیا ہے۔ فوج فضائی نگرانی کے لئے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کا بھی استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ انکاؤنٹر کے دوران سیکورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا،اور یہ تمام غیر ملکی دہشت گرد ہیں اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ مارے گئے5غیرملکی دہشت گردوں کی شناخت اورتنظیمی وابستگی کا پتہ لگانے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔حکام نے بتایاکہ مارے گئے ملی ٹنٹ ممکنہ طور پر سرحدپار سے دراندازی کرنے کے بعد اس علاقے میں چھپے ہوئے تھے ،اوروہ شہری یا نچلے علاقوںکی طرف جانے کی تاک میں تھے ،تاہم اُن کی یہاں موجودگی سے متعلق بروقت مصدقہ اطلاع ملتے ہی اُن کی یہ کوشش ناکام بنادی گئی ،اورپولیس وفوج نے باہمی تال میل اوراشتراک عمل سے ایک بڑے ممکنہ خطرے کوٹال دیاہے ۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیرمیں لائن آف کنٹرول اور بین الااقوامی سرحد پر پہلے ہی چوکسی بڑھادی گئی ہے ،کیونکہ موسم بہترہونے کے بعدسرحدپار سے ملی ٹنٹوںکی جانب سے دراندازی کی کوششوں میں تیزی آنے کاپہلے اندازہ لگایاگیاتھا،اوراس حوالے سے سیکورٹی ایجنسیوں کو خفیہ ذرائع سے اہم معلومات ملتی رہتی ہیں ۔










