کپواڑہ//پرنسپل سیکرٹری اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کپواڑہ ضلع کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے سلسلہ وار سرگرمیوں کو انجام دیا اور ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا ۔ ڈاکٹر سامون جو ضلع کپواڑہ کے انچارج سیکرٹری بھی ہیں نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج کرہامہ کپواڑہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء کیلئے خریدی گئی بس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول کرہامہ میں والی بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے جیتنے والوں ، رنر اپ اور دیگر شرکاء میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں ۔ ڈاکٹر سامون نے ڈی ڈی سی ممبر ڈرگمولہ ایڈوکیٹ آمنہ مجید اور اے ڈی سی کپواڑہ کی موجودگی میں کرہامہ کپواڑہ میں لفٹ واٹر سپلائی اسکیم کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔ ڈاکٹر سامون نے وزیر اعظم ترقیاتی پیکج ( پی ایم ڈی پی ۔ یو ) کے تحت کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے ذریعے تعمیر کردہ گلیزو کپواڑہ میں 10 ایم وی اے رسیونگ سٹیشن اور سپورٹس سٹیڈیم کا بھی معائینہ کیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے آئی ٹی آئی کپواڑہ میں خواتین سیلف ہیلپ گروپس کے پاس آؤٹ طلباء میں اعزازی اسناد تقسیم کئے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ضلع انتظامیہ کپواڑہ کو ہدایت دی کہ وہ کرہامہ میں 200 کنال اراضی یا گورنمنٹ آئی ٹی آئی کپواڑہ کے اضافی بلاکس کی تعمیر کیلئے کسی اور مناسب جگہ کی نشاندہی کریں جس میں طلباء کیلئے ہوسٹل کی سہولت موجود ہو ۔ بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس کپواڑہ کے میٹنگ ہال میں ایچ او ڈیز ، ضلعی اور سیکٹورل افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ کیپیکس ، سی ایس ایس اور دیگر شعبوں پر پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر کپواڑہ نے ضلع کے ترقیاتی منظر نامے بشمول کیپیکس بجٹ ، مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں اور دیگر شعبوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ قبل ازیں ڈی ڈی سی ممبر ڈرگمولہ نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج کرہامہ کپواڑہ تک سڑک کی توسیع اور میکڈمائیزیشن کی مانگ کی ۔










