آگ زدگان کی فوری ریلیف وبازآبادکاری عمل میں لائی جائے:ارشادرسول کار
سری نگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور کانسچیونسی انچارج سوپور ارشاد رسول کار نے ’قصبہ سوپورمیں حالیہ دنوںمیں آتشزدگی کی وارداتوں پرتشویش‘ظاہر کرتے ہوئے تاحال متاثرین کوکسی بھی قسم کی مددیا ریلیف فراہم نہ کرنے پر سخت افسوس ظاہر کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق ایک بیان میں نیشنل کانفرنس کے لیڈر ارشاد رسول کار نے حکام کو یاددہانی کراتے ہوئے کہاکہ سوپور قصبہ میں حالیہ کچھ دنوںمیں آگ کی کم سے کم تین بڑی وارداتیں رونما ہوئی ہیں ،جس کے نتیجے میں تقریباًنصف درجن کنبے بے گھر ہونے کیساتھ ساتھ عمر بھرکی جمع پونجی اور گھریلو سامان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یہ سبھی آگ زدگان کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں اور افسوس کامقام ہے کہ کوئی اور فوری امدادی سامان تودُورکی بات ،اُنھیں سرچھپانے کیلئے خیمے تک فراہم نہیں کئے گئے ہیں ۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر ارشاد رسول کار نے آگ زدگان بشمول بشیر احمدمیر،مشتاق احمد میر،اُن کے والد غلام قادر میرساکنان بابارضا محلہ سوپور،ندیم احمدملہ ساکنہ مہراج پورہ سوپور اور مبشراحمدڈار،حفیظ اللہ شیخ ومحمداقبال کبوساکنان خوشحال کالونی سوپور کیساتھ ہمدردی اور مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آگ کی الگ الگ بھیانک وارداتوں کے دوران یہ سبھی افراد اپنے رہائشی مکانات معہ جملہ گھریلو سامان اور عمر بھرکی جمع پونجی سے محروم ہوئے ہیں ۔ارشاد رسول کار نے آتشزدگی کی وارداتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسبات پرسخت افسوس کااظہار کیاکہ متاثرہ کنبوںکو اب تک انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کاکوئی ریلیف فراہم نہیں کیاگیا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر نے حیرانگی ظاہر کی کہ حکام کی جانب سے آگ زدگان کو کوئی اور فوری امدادی سامان تودُورکی بات ،اُنھیں سرچھپانے کیلئے خیمے تک فراہم نہیں کئے گئے ہیں ۔ارشاد رسول کارنے کہاکہ آتشزدگی یا ا س قسم کے دوسرے واقعات سے متاثر ہونے والے کنبوںکو فوری امداد فراہم کیلئے انتظامیہ کے پاس ہمہ وقت ایک فنڈ موجودرہتاہے ،لیکن سوپور کے آگ متاثرین کوکسی قسم امداد فراہم نہیں کی گئی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر ارشاد رسول کار نے حکومت سے اپیل کی کہ سوپور کے نصف درجن سے زیادہ آگ متاثرین کو فوری نوعیت کی امداد فراہم کرنے کیساتھ ساتھ اُن کی بازآبادکاری کے اقدامات بھی روبہ عمل لائے جائیں ۔










