سری نگر//قانون ساز اسمبلی اُتر پردیش کی پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی ( پی ایم سی ) نے انوپما جیسوال کی سربراہی میں آج یہاں قانون ساز اسمبلی کمپلیکس میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ( جے کے ایل اے ) کے سیکرٹری منوج کمار پنڈت اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی ( پی ایم سی ) 2 ؍جون 2023 ء سے جموں و کشمیر کے مطالعاتی دورے پر ہیں اور اس دورے کا مقصد دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان زیادہ سے زیادہ افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینا ہے، علم کے تبادلے اور حکمرانی کے بہترین طریقوں کو قابل بنانا ہے۔دوران میٹنگ کمیٹی کے ارکان نے سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ساتھ نتیجہ خیز اور تفصیلی گفتگو کی اور قانون ساز اداروں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔تبادلہ خیال کے دوران کئی اہم پہلوؤں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی جن میں قانون سازی کے طریقہ کار ، کمیٹی کے نظام ،پارلیمانی نگرانی اور حکمرانی کے طریقہ کار شامل ہیں ۔ میٹنگ میں خیالات اور تجربات کا تبادلہ بھی کیا جس سے دونوں جماعتوں کو ایک دوسرے کی کامیابیوں اور چیلنجوں سے سیکھنے کیلئے ایک افزودہ پلیٹ فارم فراہم کیا گیا، بالآخر اپنے اپنے علاقوں میں جمہوری عمل کو تقویت ملی ۔ دوران گفتگو قانون ساز اسمبلی اتر پردیش کے پی ایم سی کے اراکین نے اس مطالعاتی دورے کو سہولیت فراہم کرنے اور یہاں قیام کے دوران انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے لیفٹیننٹ گورنر ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ۔ اراکین نے کہا کہ دونوں قانون ساز اداروں کے درمیان تعاون سے ایک دیرپا شراکت داری کو فروغ دینے کی اُمید ہے جو اتر پردیش اور جموں و کشمیر میں حکمرانی کے طریقوں کو بہتر بنانے کیلئے مسلسل مشغولیت اور مہارت کے تبادلے کی سہولیت فراہم کرے گی ۔










