مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا سکمز میں 19 ویں مینجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام سے خطاب

سری نگر// لیفٹیننٹ گورنرکے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے شیر کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( سکمز) میں تین روزہ 19 ویں مینجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام سے خطاب کیا۔مینجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کا اِنعقاد ہسپتال اِنتظامیہ سکمز کے شعبہ نے اکیڈیمی آف ہسپتال ایدمنسٹریشن اِنڈیا کے ساتھ مل کر میڈیکل اَفسران ، ہسپتال کے منتظمین ، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر ہیلتھ کیئر کرنے والے پیشہ ور اَفراد کے لئے کیا تھا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سکالروں ، طبی محققین ، ڈاکٹروں اور دیگر طبی ماہرین کے بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِس مینجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے اِنعقاد سے صحت خدمات کی فراہمی کے ایک اہم پہلو پر توجہ دی جارہی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مریضوں اور کمیونٹیوں کی اُبھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اِنتظامیہ ، ویژنری لیڈرشپ ، ٹیم ورک اور ہیلتھ کیئر کے نظام کو بہتر بنانے میں جدت طرازی کسی بھی اِدارے کی کامیابی کے لئے اِنتہائی اہم پہلو ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ اِی ڈی پی نہ صرف اِ س باوقار اِدارے میں بلکہ جموںوکشمیر کے ہسپتال اِنتظامیہ کو بڑھانے کے لئے کار آمد ثابت ہوگی۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اِس پروگرام کے مختلف پہلوئوں پربات کرتے ہوئے کہا کہ اِس مینجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کا مقصد ہیلتھ کیئر کے پیشہ ور اَفراد کو ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کے پیچیدہ منظر نامے کو مؤثر طریقے سے نیو یگیٹ کرنے کے لئے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے ۔ اُنہوں نے ہیلتھ کیئر مینجمنٹ کے لئے حوصلہ اَفزائی ، مریضوں کے تجربے کو بڑھانے ، آپریشنل کارکردگی کو بہتر کرنے، بہترین طریقوں کو عملانے ،تبدیلی کا اِنتظام کرنے ،مسائل کو حل کرنے کے طریقہ کار، قیادت اور ٹیم کی شمولیت کے بارے میں کچھ قیمتی معلومات دیں۔مشیر موصوف نے کسی بھی صورت حال میں مریضوں کی صحت خدمات فراہم کرنے میں سب سے آگے ہونے کے لئے سکمز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یوٹی حکومت جموںوکشمیر کے لوگوں کو بہترین صحت خدمات فراہم کرنے کیلئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مرکزی اور یوٹی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں سے جموں وکشمیر میں ہیلتھ کیئر مینجمنٹ میں بڑی تبدیلی آئی ہے اور پورے جموںوکشمیر میں عالمی معیار کا طبی ڈھانچہ قائم کیا جارہا ہے ۔اِس موقعہ پرڈائریکٹر سکمز پروفیسر پرویز اے کول نے خطاب کرتے ہوئے تین روزہ تقریب کے اِنعقاد پر ہسپتال اِنتظامیہ کے شعبہ کی تعریف کی ۔اِس تقریب میں ہسپتال اِنتظامیہ کے مختلف موضوعات پر ماہرین کی طرف سے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے اور اُمید ظاہر کی کہ ان مباحثوں سے تمام شرکا ٔ اور طلباء کو بھی فائدہ ہوگا۔اِس موقعہ پر نیشنل پریذیڈنٹ اکیڈیمی آف ہاسپٹل ایڈمنسٹریشن اور ڈین میڈیکل فیکلٹی سکمز پروفیسر بشیر اے لاوے نے خطاب کیا اور ہسپتال اِنتظامیہ سکمز کے شعبہ کو اِس تقریب کی میزبانی کرنے پر سراہنا کی اور پیشنٹ کیئر مینجمنٹ کی فراہمی میں اِس طرح کے پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر سربراہ ہسپتال اِنتظامیہ سکمز پروفیسر جی ایچ یتو نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے پروگرام کے بارے میں تفصیلی بیان دیتے ہوئے کہا کہ ماہرین معاونت کے لئے ہسپتال اِنتظامیہ اور مینجمنٹ ایڈمنسٹریشن سے متعلق اہمیت کے حامل مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔