تمام گھرانوں کو پینے کے مناسب اور معیاری پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ضلعی اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان
شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان فضل الحسیب نے لوگوں کی شکایات اور مسائل کو ان کی دہلیز پر سننے اور ان کا اَزالہ کرنے کے لئے حرمین میں ہفتہ وار بلاک دیوس پروگرام کا اِنعقاد کیا۔ابتداً، بی ڈی او حرمین ڈاکٹر عرفان علی نے بلاک کی ترقیاتی خاکہ پیش کیااو رموجودہ برس کے پلان کی تفصیلات پیش کیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس برس کے دوران بلاک میں زائد اَز 900 کام کئے جارہے ہیں۔پروگرام میں دیہی ترقی ، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، پی ایچ سی ، حرمین ،ایچ ایس ایس میں نئے مضامین کا تعارف اور باغبانی ، بجلی کی فراہمی ، پی ایم اے وائی کے مختلف مسائل کو ازالے کے لئے عوامی نمائندوں نے پیش کیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کی نوٹس میں پینے کے پانی کی دستیابی سمیت عوامی اہمیت کے مسائل لائے گئے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ان سے وعدہ کیا کہ چند ماہ کے اَندر ضلع کے تمام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ’’ ہرگھر جل‘‘ کا مشن حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور اسے وقت کے اَندر فراہم کیا جائے گا ۔اِس تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی شرکت دیکھی گئی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کی طرف سے اُٹھائے گئے مطالات کو بغور سنا او رمتعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل اور مطالبات کے فوری اور جلد ازالے کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے عوام کے مطالبات کو پورا کرنے کے لئے اَفسران کو موقعہ پرہی ہدایات دیں اور اس کے لئے ذمہ داریوں کا تعین کیا۔مختلف اَفسران نے متعلق لوگوں کے مسائل کے سوالات اور مطالبات کا جواب دیا اور لوگوں کو علاقے میں جاری متعدد ترقیاتی کاموں او رسکیموں سے آگاہ کیا۔تقریب میں علاقے کے ڈی ڈی سی ممبران ، پی آر آئیز اور عام لوگوں نے شرکت کی۔اَفسران میں ایس ڈی ایم زینہ پورہ مشتاق احمد ، سی اِی او ، ڈی آئی او ، ایگزنز ، تحصیل دار ، بی ڈی او اور دیگر ضلعی اور تحصیل اَفسران موجود تھے۔










