کپواڑہ//ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ نے کپواڑہ کے کچاما علاقے میں آگ سے متاثرہ تین کنبوں کو فوری اِمداد فراہم کی ہے جہاں سوموار کو آگ لگنے کے ایک خوفناک واقعے میں دُورہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈائیفوڈساگردتاترے کی ہدایت پر ضلع اِنتظامیہ کپواڑہ کی ایک ٹیم نے تحصیل دار کرالپورہ کی سربراہی میں سوموار کو کچاما کا دورہ کیا تاکہ آگ متاثرہ تین کنبوں کو فوری مدد فراہم کی جاسکے جن کے گھر بڑے پیمانے پر آگ میں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے تھے۔ضلعی اِنتظامیہ کی ٹیم نے فوری عبوری اِمداد 25,000 روپے ،تین کچن سیٹ ، تین ترپال ، 15 کمبل ، 6کپڑوں کے جوڑے ، 6بستروں کے جوڑے اور دیگر ضروری اشیا ء کی شکل میں فراہم کی۔دریں اثنا ء ضلع ترقیاتی کمشنر نے املاک کے نقصان پر گہرے دُکھ کا اِظہار کرتے ہوے متاثرہ کنبوں سے ہمدردی کا اِظہار کیا ہے اور اِنتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر متعلقہ تحصیل دار کو جائیداد کے نقصان کا اَندازہ لگانے اور ایس ڈی آر ایف کے اَصلوں کے تحت راحت کے لئے کیس کی سفارش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ڈاکٹر ڈائیفوڈساگردتاترے نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آتش گیر گھریلو اشیاء ، الیکٹرک و الیکٹرانک گیجٹس ، رسوئی گیس سلنڈر اور کھانا پکانے کے لئے اِستعمال ہونے والے دیگر آلات کو سنبھالتے وقت تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ آتشزدگی کے ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔










