بی ایس ایف، فوج کیساتھ مل کرہرکوشش کوناکام بنائے گی: انسپکٹر جنرل اشوک یادو
سری نگر// بی ایس ایف کشمیر فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل اشوک یادو نے ہفتہ کو کہا کہ واقعات سے پاک امرناتھ یاترا کو یقینی بنانے کیلئے ایک’مربوط سیکورٹی رسپانس گرڈ‘قائم کیا جائے گا ۔انہوںنے خبردارکیاکہ برف پگھلنے سے کنٹرول لائن پر دراندازی کے روایتی راستے کھل سکتے ہیں۔ تاہم انسپکٹر جنرل اشوک یادو نے کہا کہ بی ایس ایف دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دراندازی کی تمام ممکنہ کوششوں کو ناکام بنائے گی۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں ہفتے کی صبح نشاط باغ سے ٹیولپ گارڈن تک بی ایس ایف کے زیر اہتمام واکتھون پروگرام کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کشمیر فرنٹیئر کے آئی جی بی ایس ایف اشوک یادو نے کہا کہ بی ایس ایف اس سال پرامن اور ہموار امرناتھ یاترا کو یقینی بنائے گی۔ انہوںنے کہاکہ امرناتھ یاترا مقامی انتظامیہ اور پولیس کی نگرانی میں چلائی جا رہی ہے۔ بی ایس ایف نے ضرورت کے مطابق اپنے کردار کیلئے تیاریاں کی ہیں۔ آئی جی بی ایس ایف اشوک یادو نے کہاکہ ہمارے جوانوں کو اسٹریٹجک اور خطرناک مقامات پر تعینات کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی قدرتی آفت کی صورت میں سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔یادرہے امسال امرناتھ سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی۔لائن آف کنٹرول کے ساتھ کی صورتحال کے بارے میں، بی ایس ایف کشمیر فرنٹیئر کے انسپکٹر جنرل نے کہا کہ ماضی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ برف پگھلنے کے بعد، دراندازی کے کچھ روایتی راستے کھل جاتے ہیں جو دراندازوں کے اندر گھسنے کی راہ ہموار کرتے ہیں۔انہوں نے تاہم کہاکہ بی ایس ایف، فوج کیساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی پار سے اس طرف داخل ہوتا ہے۔اشوک یادئو نے کہاکہ بی ایس ایف کمزور راستوں کی نقشہ سازی کرے گا اور اسی کے مطابق اپنی تعیناتی کا منصوبہ بنائے گا۔آئی جی بی ایس ایف نے کہا کہ فورس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے اور منشیات کے انسداد کے لئے ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ کشمیر میں سرگرم عسکریت پسندوں کی تعداد کے بارے میں، انہوں نے کہاکہ اس مسئلے پر بات کرنا ان کا کام نہیں تھا۔










