لیفٹیننٹ گورنر کا نیشنل کمیشن فار اِنڈین سسٹم آف میڈیسن کی مشاورتی میٹنگ سے خطاب

لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر یوٹی کے آیوش سیکٹر میں حاصل کئے گئے کئی سنگ میلوں کو اُجاگر کیا

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج کشمیر یونیورسٹی میں نیشنل کمیشن فار اِنڈین سسٹم آف میڈیسن ( آئی ایس ایم ) کے زیر اہتمام ’’ آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ۔ ہیل اِن اِنڈیا، ہیل از اِنڈیا‘ ‘ کے موضوع پر ایک مشاورتی میٹنگ سے خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ملک بھر سے صحت پیشہ ور اَفراد اور آئی ایس ایم کے پریکٹیشنروںکے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حکومت جموںوکشمیر یوٹی کو طبی اور صحت مندانہ سیاحتی مرکز بنانے اور وزیرا عظم نریندر مودی کے’ ہیل اِنڈیا ‘ اور ہیل بائی اِنڈیا‘ ویژن میں اشتراک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِس اہم میٹنگ میں ہونے والی بات چیت سے آئی ایس ایم کو فروغ دینے اور آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے دو اہم اجزأ ہیلتھ کیئر پروفیشنل رجسٹری اور یوٹی میں ہیلتھ کیئر فیسیلٹی رجسٹری کی عمل آوری کے لئے خیالات کے تبادلے کے لئے ایک ٹھوس فریم ورک تیا ر ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ جموںوکشمیر قدیم زمانے سے اِنڈین سسٹم میڈیسن کا ایک بڑا مرکز رہاہے کلہن کی راج ترنگنی کے مطابق ان دِنوں ایک اَچھی طرح سے ترقی یافتہ آیوروید ہسپتال کام کر رہا تھا ۔ کلہن نے لکھا ہے کہ جموں وکشمیر میں آیورویدک اَدویات کی تیاری کے یونٹ اور آیورویدک دواخانے پھل پھول رہے تھے ۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ اتنی بھرپورمیراث سے ہم آیوش میں سرمایہ کاری ، اختراعات اور ادویات کے روایتی نظام کو مضبوط کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس میں ترقی کی زبردست صلاحیت موجود ہے اور جموںوکشمیر کو قدرت کے فضل او ربھرپورادویات کے پودے آیوش میں سٹارٹ اَپس اور کاروباری اِکائیوں کو فروغ دیں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ دُنیا نے اِنڈین سسٹم میڈیسن کو احتیاطی تدبیر او رعلاج کے لئے سب سے قدیم ، مؤثر اور سائنسی نظام صحت کے طور پر تسلیم کیا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اَب وقت آگیا ہے کہ نئی پود کو اِس ورثے او ربھرپور میراث سے جوڑ کر ایک زمین، ایک صحت کے ویژن کو پورا کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مشاورتی میٹنگ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے ، جموںوکشمیر یوٹی میں طبی سیاحت کو فروغ دینے اور لوگوں کو عالمی معیار ، سستی اور معیاری طبی خدمات تک رَسائی فراہم کرنے کی کوششوں کا اِشتراک کیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مود ی جی کی رہنمائی میں وزارتِ آیوش اور جموںوکشمیر اِنتظامیہ’’ ایک زمین ، ایک صحت‘‘ کے ویژن کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ مربوط اورقدیم اِنڈین سسٹم میڈیسن سے گلوبل کمیونٹی کی خدمات کی جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر آیوش اور ’ہیل اِن اِنڈیا مہم‘ کا ایک اہم مرکز بننے کے لئے پوری طرح تیار ہے جو نہ صرف جموںوکشمیر یوٹی میں طبی سیاحت کو فروغ دے گا بلکہ طبی شعبے میں کاروبار اور روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کے آیوش سیکٹر میں حاصل کئے گئے کئی سنگ میلوں پربھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ اکھنور میں آیورویدک میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل ، گاندربل میں یونانی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل اور 442 آیوش ڈسپنسریوں کی اَپ گریڈیشن لوگوں کی بھلائی کے لئے کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کولگام ، کٹھوعہ ، کپواڑہ ، کشتواڑ اور سانبہ اَضلاع میں پانچ 50 بستروں والے مربوط آیوش ہسپتالوں کو وزارتِ آیوش نے قومی آیوش مشن کے تحت منظور کیا ہے تاکہ جموںوکشمیر یوٹی میں آیوش ثانوی صحت خدمات کو مضبوط کیا جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی میں طبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مشہور سیاحتی مقامات پہلگام ، گلمرگ ، سونہ مرگ ، پتنی ٹاپ ، کٹراہ اور گالف کورس جموں اور سری نگر میں 6 خصوصی آیوش ویلنس سینٹروں کو منظوری دی گئی ہے جن میں سے 3سینٹروں کو آپریشنل کیا گیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہندوستان دُنیا کے قدیم ترین طبی نظاموں کا گھر ہے ۔ یہ صرف علاج تک محدود نہیں ہے ۔ یہ زندگی اور فلاح و بہبود کو ایک جامع اَنداز میں سمجھنے کی سائنس ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یوگا اور آیوش سینٹروں سے ہماری کوشش ہے کہ آیوروید کے ویژن اور فوائد کو سماج کے تمام طبقات تک پہنچایا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مقامی صحت روایات کو آیوروید کے مرکزی دھارے کے ساتھ مربوط کرنے کے لئے بھی قیمتی تجاویز کا اشتراک کیا تاکہ صدیوں سے محفوظ لوگوں کی سائنس کو فروغ دیا جائے او رنئی پود کے لئے سادہ زبان میں اِنڈین میڈیسن کے بھرپور او رمتنوع علم کو نقل کیا جائے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ رجسٹری آف پروفیشنلز اور رجسٹری آف فیسیلٹی اور طب کے دیگر تمام شعبوں کے درمیان ہم آہنگی قائم کرنے کے لئے روایتی نظام کی جڑوں کو سمجھنا بھی ضروری ہے ۔اِس موقعہ پر پر چیئرمین نیشنل کمیشن فار اِنڈین سسٹم آف میڈیسن وید یا شری جینت دیو پجاری اور صدر بورڈ آف ایتھکس ایند رجسٹریشن پروفیسر ( ویدیا ) راکیش شرما نے بھی خطا ب کیا او رآیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کی اہم خصوصیات اور مشاورتی میٹنگ کے اَغراض او مقاصد پر روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ بھوپندر کمار ، سٹیٹ مشن ڈائریکٹر آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن محترمہ آیوشی سوڈان ، نیشنل ہیلتھ اَتھارٹی ، آئی ایس ایم اور جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران ، سربراہان اور صحت ماہرین اور آیوروید چاریہ کی تعداد موجود تھے۔