مرکزی وزیر پرشوتم روپالا نے سری نگر میں پارلیمانی مشاورتی کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی
سری نگر//مرکزی وزیر ماہی پروری ، پشو و ڈیری پالن پرشوتم روپالا نے آج سری نگر میں اَپنی وزارت سے منسلک مشاورتی کمیٹی کی بین سیشن میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں وزیر مملکت ماہی پروری ، پشو و ڈیری پالن ڈاکٹر سنجیو کمار بالیان ،وزیر مملکت ماہی پروری ، پشو و ڈیری پالن ڈاکٹر ایل مروگن ، اراکین پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے مشاورتی کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔کمیٹی نے ’’ موبائل یونٹوں سے ویٹرنری خدمات کو مضبوط بنانے اور ملک میں ویکسی نیشن پروگرام کی عمل آوری ‘‘ کے مختلف پہلوئوں پر غور وخوض کیا۔مرکزی وزیر ماہی پروری ، پشو و ڈیری پالن پرشوتم روپالا نے کہا کہ ہندوستان میں مویشیوں اور پولٹری کے وسیع وسائل موجود ہیںجو دیہی عوام کی سماجی و اِقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔ لہٰذا محکمہ کو بہتر ویٹرنری ہیلتھ سروسز کی دستیابی اور رَسائی کو بڑھانے کے لئے کوششیں کرنی ہوں گی تاکہ مویشیوں کی بیماریوں سے ہونے والے معاشی نقصانات کو کم کیا جاسکے۔اراکین پارلیمنٹ نے محکمہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا بالخصوص موبائل ویٹرنری یونٹوں کے لئے صد فیصد مرکزی اِمداد اور یکساں ٹول فری نمبر 1962 اور موجودہ ویٹرنری خدمات کو بہتر بنانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ مرکزی وزیر نے کمیٹی کو یقینی دِلایا کہ محکمہ اراکین کی جانب سے دی گئی قیمتی تجاویز پر مناسب کارروائی کو یقینی بنائے گا۔










