کسان وباغ مالکان 4جون تک دواپاشی وغیرہ نہ کریں:ماہرموسمیات
سری نگر//محکمہ موسمیات نے 2جون یعنی جمعہ کی شام تک موسمی صورتحال جوںکی توں رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ 3جون سے 6جون تک صبح کے وقت دھوپ رہنیاور بعددوپہر مطلع ابرآلودرہنے کے بیچ کہیں کہیں ہلکی بارشوں کاامکان ظاہرکیا۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکزکے ایک ماہرموسمیات محمدحسین میر نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں مغربی ہوائوںکا اثر 2جون کی شام تک برقرار رہے گا،اسلئے جمعہ کی شام تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کاامکان ہے ۔انہوںنے کہاکہ اسکے بعد مغربی ہوائیں شمال مشرقی علاقوں کارُخ کریں گی ،اور جموں وکشمیرمیں مجموعی موسمی صورتحال میں بہتری آئے گی ۔ ماہرموسمیات محمدحسین میر نے کہاکہ 3جون سے6جون تک جموں وکشمیرمیں صبح کے وقت دھوپ رہنے گی ،تاہم بعددوپہر آسمان پربادل رہنے کے بیچ کہیں کہیں بارشیں ہونے کاامکان رہے گا۔ماہرموسمیات کامزیدکہناتھاکہ 7سے12جون تک جموں وکشمیرمیں موسم خشک اورخوشگوار رہے گا۔ماہر موسمیات نے کہاکہ باغ مالکان اورکسانوںکو یہ مشورہ دیاجاتاہے کہ وہ 4جون تک میوہ باغات میں دواپاشی اورکھیتوںمیں کیڑے مار ادویات کے چھڑکائو کاکام معطل رکھیں ۔اس دوران انہوںنے کہاکہ حالیہ بارشوں کے باعث جموں خطے میں دن رات کے درجہ حرارت میں کمی واقعہ ہوئی ہے جبکہ کشمیروادی میں دن کے درجہ حرارت میں تنزلی ریکارڈکی گئی تاہم شبانہ درجہ حرارت میں معمولی تبدیلی درج ہوئی ہے ۔










