rain

جموں وکشمیرمیں آج شام دیر گئے تک مغربی ہوائوں کااثربرقرار

گزشتہ24گھنٹوں کے دوران مسلسل14گھنٹے موسلا دار بارش،آج مزیدبارشیں ہونے کاامکان

سری نگر//بدھ کوشام دیر گئے سے جمعرات کی دوپہرتک زیادہ ترعلاقوںمیں موسلاداربارشیں ہونے کے بیچ محکمہ موسمیات نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جمعہ کی شام تک مغربی ہوائوں کااثر برقرار رہے گا،اوراس دوران مزیدبارشیں ہونے کاامکان ہے ۔اس دوران جمعرات کو بعددوپہر سری نگرسمیت بیشترعلاقوںمیں موسم میں بہتری آئی اور اس دوران کچھ وقت کیلئے دھوپ بھی نکلی ۔تاہم محکمہ موسمیات نے جمعرات کی سہ پہرساڑھے4بجے تازہ موسمیاتی ایڈوائزری میں کہاکہ اگلے ایک سے 2 گھنٹے کے دوران گلمرگ ،دودھ پتھری،ٹنگمرگ ،شوپیان ،کولگام ،قاضی گنڈ اوربانہا ل جیسے علاقوںمیں گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کاامکان ہے جبکہ اس دوران ان علاقوںمیں تیزہوائیں چلنے اورژالہ باری ہونے کابھی اندیشہ ہے ۔اُدھر حکام نے بتایاکہ بارشوںکی وجہ سے کچھ مقامات پر قومی شاہراہ کوپہنچنے والے نقصان کی مرمت کے پیش نظر سری نگرجموں قومی شاہراہ پر جمعرات کو ٹریفک کی آمدورفت معطل رہے گی ۔جے کے این ایس کے مطابق بدھ کوشام دیر گئے پوری کشمیر وادی کے ساتھ ساتھ خطہ پیرپنچال ،وادی چناب اورجموں خطے کے دیگرعلاقوں میں بارشوںکا سلسلہ شروع ہوگیا ،جس میں بعدازاں شدت آئی ۔رات بھر اکثرعلاقوںمیں تیز اورموسلادار بارشیں ہوتی رہیں اور بارشوں کا یہ سلسلہ جمعرات کو صبح تقریباً12بجے تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔سری نگرسمیت کشمیرکے بیشترعلاقوں میں جمعرات کو بعددوپہر موسم میں بہتری آئی اور اس دوران کچھ وقت کیلئے دھوپ بھی نکلی۔تاہم بانہال سے رام بن تک بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔محکمہ موسمیات نے جمعرات کی صبح بتایاکہ بدھ کورات دیر گئے سے جمعرات کوصبح 8بجے تک سری نگر میں10 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 11.4 ملی میٹر، پہلگام میں 11.5 ملی میٹر، کپواڑہ میں10.7 ملی میٹر، کوکرناگ میں 10.4 ملی میٹر اور گلمرگ میں14.3 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ موسمی صورتحال اگلے24گھنٹوں تک جوںکی توں رہنے کاامکان ہے ۔تاہم 3جون سے بارش میں نمایاں کمی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ2 جون کو چند مقامات پرژالہ باری اور تیز ہواؤں کا امکان ہے جبکہ 3 جون کو دوپہر یا شام تک جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر بارش اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ مجموعی طور پر 10 جون تک کسی بڑی بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔محکمہ موسمیات ے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹرمختارنے کہا کہ3جون کو موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا لیکن جموں و کشمیر میں4سے10جون کے درمیان بارش یا گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔انہوں ے تمام متعلقہ افراد کو محتاط اور چوکنا رہنے اور سفر پر جانے سے پہلے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کا بھی متنبہ کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کی سہ پہرساڑھے4بجے تازہ موسمیاتی ایڈوائزری میں کہاکہ اگلے ایک سے 2 گھنٹے کے دوران گلمرگ ،دودھ پتھری،ٹنگمرگ ،شوپیان ،کولگام ،قاضی گنڈ اوربانہا ل جیسے علاقوںمیں گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کاامکان ہے جبکہ اس دوران ان علاقوںمیں تیزہوائیں چلنے اورژالہ باری ہونے کابھی اندیشہ ہے ۔اس دوران محکمہ اری گیشن وفلڈ کنٹرول کشمیر نے کہاکہ رواں بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں اورجہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہواہے ،لیکن کسی بھی ندی نالے یا دریائے جہلم میں پانی کی سطح خطرے کے نشانات کے قریب نہیں ہے ،اسلئے کسی بھی علاقے میں سیلابی صورتحال پیداہونے کاکوئی خطرہ یااندیشہ لاحق نہیں ہے ۔