ڈائریکٹرمحکمہ فوڈ،سیول سپلائز وعوامی تقسیم کاری کشمیر سرکاری ملازمت سے سبکدوش

ڈائریکٹرموصوف کی قیادت میں محکمہ کی مجموعی کارکردگی اورعوامی خدمت میں بہتری:اعجاز احمدخان

سری نگر//ڈائریکٹر محکمہ فوڈ،سیول سپلائز وعوامی تقسیم کاری کشمیر ڈاکٹر عبدالاسلام میرسرکاری ملازمت کی معیاد مکمل ہونے کے بعد سبکدوش ہوگئے ۔جے کے این ایس کے مطابق ڈاکٹر عبدالاسلام میر کے سبکدوش ہونے کے موقعہ پر محکمہ کے ملازمین کی نمائندہ تنظیم فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموںوکشمیرکی جانب سے محکمہ کے صدر دفتر کشمیر واقع شہیدگنج سری نگرمیں بدھ کے روز ایک شاندار الوادعی تقریب کااہتمام کیا گیا۔اس موقعہ پر سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر کی عزت افزائی کی گئی ،اوراُنھیں کچھ خاص تحائف سے نواز اگیا۔اس موقعہ پر الوداعی تقریب میں ملازمین کی انجمن کے جملہ مرکزی وضلعی لیڈران کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر محترمہ نجمہ نازکی ،محکمہ کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹر،اور محکمہ کی خاتون چیف اکائونٹس آفیسرمحترمہ عالیہ بھی موجود تھیں ۔محکمہ فوڈ،سیول سپلائز وعوامی تقسیم کاری کشمیرکے سبکدوش ہوئے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالاسلام میر کی اعزازمیں منعقدہ اس باوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ٹریڈیونین لیڈر اور فوڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن جموںوکشمیرکے صدر اعجاز احمدخان نے کہاکہ بطورڈائریکٹر کے اس سرکاری محکمے میں خدمات انجام دینے کے دوران ڈاکٹر عبدالاسلام میرکارول ہمیشہ نمایاں طور پریادرکھاجائے گاکیونکہ موصوف کی سربراہی میں محکمہ کے دفتری اورفیلڈ کام کاج میں شفافیت کیساتھ ساتھ جوابدہی اور عوامی خدمت کو کافی فروغ ملا ۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر صاحب نے ہمیشہ ماتحت ملازمین کیساتھ مشفقانہ سلوک روارکھا،جسکے باعث تمام ملازمین کی نظرمیں موصوف ہمیشہ قابل احترام رہے اورآئندہ بھی ہم سب کیلئے ڈاکٹر عبدالاسلام میرصاحب قابل محترم ہی رہیں گے ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ کسی بھی سرکاری محکمے میں بڑے چھوٹے افسران کاآناجا نالگارہتاہے ،لیکن وہی افسر اپنی چھاپ چھوڑ کر جاتے ہیں ،جن کے دل میں اپنے فرائض کے تئیں خلوص وفرض شناسی اور ماتحت ملازمین کے تئیں دوستانہ ومشفقانہ جذبہ موجودہو۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر صاحب محکمے کے اُن چند سربراہان میں سرفہرست ہیں ،جنہوںنے محکمہ کو جدیدخطوط پراستوار کرنے ،کام کاج وکارکردگی میں بہتری لانے اورملازمین کے مسائل کو حل کرنے میں اپنارول ادا کیا۔آخر پر ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے کہاکہ ڈاکٹر صاحب ہمیشہ ہمارے دلوںپرراج کرتے رہیں گے اور ہم اُن کوہمیشہ اچھی یادوں کیساتھ یادکرتے رہیں گے ۔