جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج صبح گورنمنٹ میڈیکل کالج ( جی ایم سی ) جموں گئے جہاں جھجرکوٹلی کے قریب حادثہ کا شکار شری ماتا ویشنو دیوی جانے والے یاتریوںکا حال معلوم کیا۔چیف سیکرٹری نے واقعہ کو اِنتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی اِمداد فراہم کی جائے۔اِس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے دعا کی ۔اُنہوں نے ان کے اہل خانہ سے دلی اظہار تعزیت کی اور کہا کہ حکومت متاثرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت حادثے میں ہلاک ہونے والوں او رزخمیوں کے لواحقین کو مناسب اِمداد فراہم کرنے جارہی ہے۔ اُنہوں نے صوبائی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ سڑک حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔یہاں یہ بات قابل ذِکر ہے کہ اطلاعات کے مطابق یہاں جموں ضلع کے جھجرکوٹلی علاقے میں پُل سے پھسلنے کے بعد ان کی بس کھائی میں گرنے سے 10یاتریوں کی موت واقع ہوئی اور 57 زخمی ہوگئے۔مقامی اِنتظامیہ فوری حرکت میں آئی اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کرریسکیو آپریشن کیا ۔ تمام نعشیں نکالی گئیں اور زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا۔










