کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر دائیفوڈ ساگر دتاترے نے آج کلاروس کے دُور افتادہ نریز وب بستی کا دورہ کیا اور سات متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے ملاقات کی جن کے 3رہائشی مکانات کو حال ہی میں آگ لگنے سے نقصان پہنچا تھا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے رہائش مکانات اور دیگر املاک کے نقصان پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا اور اِنتظامیہ کی طرف سے ہر ممکنہ تعاون کی یقینی دہانی کی۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کی ہدایت پر ضلع اِنتظامیہ نے ریڈکراس فنڈ کے تحت متاثر کنبوں کو پہلے ہی 60,000 روپے کی فوری نقد اِمداد فراہم کی ہے۔مزید یہ کہ اِنتظامیہ نے متاثرہ کنبوں میں 50کمبل ، 7 کچن سیٹ ، راشن ، کھانا پکانے کے چولہے، بالٹیاں اور 20 جوڑے کپڑے بھی فراہم کئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کی ہدایت پر ہر متاثرہ کنبہ کے لئے ایس ڈی آر ایف کیس تیار کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ 17 اور 18؍ مئی کی درمیانی شب کلاروس کے دُور افتادہ نریز وب بستی میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں دورہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ اور ایک کو جزوی نقصان پہنچا جس سے 7 کنبے متاثر ہوئے۔










