میر واعظ کشمیر کو مذہبی خدمات انجام دینے سے روکنا

گھر میں مسلسل نظربند رکھنا قابل مذمت۔ انجمن اوقاف جامع مسجد

سرینگر//میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی اور انہیں مسلسل 96ویں جمعہ کے موقعے پر خانہ نظر بند رکھنے کے خلاف انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح سے موصوف کو دینی فریضہ انجام دینے اور دینی خدمات سے روکنا قابل مذمت ہے ۔س این آئی کے مطابق انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگرنے سربراہ انجمن میراعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی مسلسل غیر قانونی اور غیر اخلاقی چار سالہ نظر بندی کیخلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کیخلاف سخت احتجاج کیا ہے۔سرینگر میں جاری ایک بیان میں انجمن نے کہا کہ آج 196واں جمعتہ المبارک کو بھی میرواعظ لگاتار نظر بندی کے سبب نہ تو نماز جمعہ جیسا اہم فریضہ اور نہ ہی اپنی منصبی ذمہ داریاں ادا کرسکے اور اس طرح جامع مسجد کا صدہا سالہ منبر و محراب آج بھی قال اللہ وقال الرسولؐ کی صداؤں اور دعوت و تبلیغ کی زمزمہ آرائیوں سے خاموش رہا۔بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ کی نظر بندی اور موصوف پر قدغنوں کے سبب شہر و گام سے نماز جمعہ کیلئے آنے والے ہزاروں مردو خواتین اور نوجوانوں کو مایوس لوٹنا پڑا کیونکہ وہ اپنے محبوب رہنما کے وعظ و تبلیغ کی مجلس اور پند و نصائح سے محروم رہے۔