مخصوص زمروں میں آنے والے راشن کارڈہولڈروں کی چھان بین کاعمل باعث نزاع

شہر کے جملہTSOsڈائریکٹر سے ملاقی،پیرکو کمشنر سیکرٹری سے ملیں گے:اعجازاحمدخان

سری نگر/محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورعوامی تقسیم کاری کی جانب سےAAY،PHHاورNPHHزمرے میں آنے والے صارفین کی تصدیق سے متعلق شروع کردہ چھان بین اور تحقیقات کامعاملہ باعث نزاع بن گیاہے ،کیونکہ کچھ روز قبل شہر سری نگر کے حسن آباد سعدہ کدل علاقے میں کچھ صارفین کی جانب سے متعلقہ محکمے کی ایک ٹیم پر کئے گئے حملے سے اب ایسے ملازمین خوف وہراس میں مبتلاء ہوگئے ہیں ،اورانہوںنے حکام بالا سے معقول سیکورٹی بندوبست کرنے کی اپیل کی ہے۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق حسن آباد میں تحصیل سپلائزآفیسر حضرتبل کی سربراہی والی ٹیم پر ہوئے حملے کے بعدمتعلقہ ملازمین نے یہ معاملہ محکمے کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی نوٹس میں لایا۔موصوف اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ہدایت پر متعلقہ TSOنے اس واقعے کے حوالے سے پولیس تھانہ رعناواری میں تحریری شکایت درج کرکے ایف آئی آردرج کرنے کی استدعاکی ،اور بقول متعلقہ ملازمین کے پولیس نے ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کیا۔محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورعوامی تقسیم کاری کے ملازمین کی نمائندہ تنظیم فوڈ اینڈسپلائز ایمپلائزایسوسی ایشن جموں وکشمیرکے صدر اعجازاحمدخان نے کہاکہ AAY،PHHاورNPHHزمرے میں آنے والے صارفین کی تصدیق سے متعلق چھان بین محکمے کے ملازمین اپنے طور پر نہیں کررہے ہیں ،بلکہ اس حوالے سے پہلے9مئی2023کوایک سرکیولر جاری کیا گیا،اور پھر18مئی2023کو متعلقہ محکمے کے ڈائریکٹر صاحب کی جانب سے ایک باضابطہ حکومتی آرڈر بھی جاری کیاگیا ،جس میں محکمہ کے ملازمین کو ہدایت دی گئی کہ وہ اے اے وائے ،پی ایچ ایچ اوراین پی ایچ ایچ صارفین کے بارے میں جائے موقعہ پرجاکر چھان بین اورتحقیقات کریں ۔انہوںنے کہاکہ اسی حکمنامے کی روشنی میں ٹی ایس ائو حضرتبل کی سربراہی میں محکمے کی ایک ٹیم نے حسن آباد سعدہ کدل کادورہ کیا ،جہاں اُنھیں معلوم ہواکہ ایک کنبے کے حق میں تین الگ الگ زمروںکے راشن کارڈ جاری ہوئے ہیں ۔جن ماں کے نام پرAAY،گھر کے ایک فرد کے نام پرBPLاور ایک اور شخص کے نام پرNPHHوالا راشن کارڈ اجراء ہوا ہے ۔اعجاز احمدخان نے کہاکہ اسی معاملے پر جب محکمے کی ٹیم نے متعلقہ کنبے کے افراد سے استفسار کیا توانہوںنے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے TSOکی قیادت والی ملازمین کی ٹیم پر حملہ کیا ۔ فوڈ اینڈسپلائز ایمپلائزایسوسی ایشن جموں وکشمیرکے صدر اعجازاحمدخان نے کہاکہ ہفتہ کے روز شہر سری نگرکے تمام تحصیل سپلائز افسران نے یکجا میرے ساتھ ڈائریکٹر محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورعوامی تقسیم کاری کشمیر سے اُن کے دفترمیں ملاقات کی ،اور حسن آباد میں پیش آئے واقعے کے بارے میں ڈائریکٹر موصوف کو تمام جانکاری فراہم کی گئی ۔انہوںنے کہاکہ ہم نے ڈائریکٹر صاحب سے اپیل کی کہ مخصوص زمروںکے راشن کارڈوں کی چھان بین کے عمل میں شامل محکمہ کے افسران اورملازمین کی حفاظت کویقینی بنایا جائے ۔تاکہ فیلڈ ٹیمیں اپنا کام بغیر کسی خوف وڈر کے مکمل کرسکیں ۔انہوںنے ڈائریکٹر موصوف سے کہاکہ جب تک ہمارے لئے سیکورٹی کے معقول انتظامات نہیں کئے جائیں گے ،تب تک ہم فیلڈ میں کام نہیں کریں گے ۔ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے مزید کہاکہ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے پہلے ہی حسن آباد میں پیش آئے واقعے کے بارے میں ایس پی نارتھ سے ملاقات کرکے اُنھیں جانکاری فراہم کی ہے ،اورایس پی موصوف نے اس سلسلے میں کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔اعجاز احمدخا ن نے حکام بالاسے اپیل کی کہ فیلڈ ملازمین کومعقول سیکورٹی فراہم کی جائے ،تاکہ وہ بغیر کسی ڈریا خوف کے اپنی ذمہ داری کو انجام دے سکیں ۔ساتھ ہی اعجاز احمدخان نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یہ واضح کیاکہ محکمہ فوڈ،سیول سپلائز اورعوامی تقسیم کاری اپنے طور پرکوئی چھان بین نہیں کررہے ہیں بلکہ اس سلسلے میں محکمانہ سرکیولر اور گورنمنٹ آرڈر کی روشنی میں ملازمین اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ٹریڈیونین لیڈر اعجاز احمدخان نے کہاکہ پیرکے روز فوڈ اینڈسپلائز ایمپلائزایسوسی ایشن جموں وکشمیرکاایک وفد کمشنر سیکرٹری سے ملاقات کرکے اُنھیں تفصیلی جانکاری فراہم کرے گا۔