سڑک کے دو الگ الگ حادثات میں چار افراد از جان

درخت سے گر کر ایک شخص کی موت واقع ،بجلی کرنٹ لگنے کے چار دن بھی مزدور لقمہ اجل

سرینگر//سڑک کے دو الگ الگ حادثات میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جن کو ہسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا گیا ہے ۔ادھر ایک شخص درخت سے گر کر شدید زخمی ہوا جس کو فوری طورپر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروںنے اسے مردہ قراردیا ۔دریں اثناء شمالی کشمیر کے کپواڑہ کے لولاب کے دلباغ علاقے میں گزشتہ ہفتے کرنٹ لگنے سے زخمی ہونے والے ایک مزدور نے منگل کی صبح یہاں کے ایک اسپتال میں دم توڑ دیا۔ سی این آئی کے مطابق جے پی چوک سے اندرا چوک کی طرف جارہی ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر ہونے کی وجہ سے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد ہلاک ہوئے ہیں جن کی شناخت سنوبر منصور ولد منصور احمد اور جہانگیر ولد محمد اشرف ساکنان جموں کے طور پر ہوئی ہے ۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 35/2023 دفعہ 279/337/304-A/IPC کے تحت پولیس اسٹیشن بس اسٹینڈ میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئیں۔دریں اثنا، ایک مہندرا میرازو کار جس کا رجسٹریشن نمبر JK02CL-9000 تھا، نے ایک موٹر سائیکل (جس کا رجسٹریشن نمبر JK02AM-4361 تھا، تھانہ کناچک کی حدود میں واقع گاؤں چنوں چک میں صبح 7:30 بجے کے قریب ٹکر ماری۔ حادثے میں دو افراد کی شناخت کے نام سے ہوئی۔ موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے محمد یوسف ولد یوسف ساکنہ لالہ اور محمد نور ولد سائیں ساکن جسوال شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر جی ایم سی ایچ جموں لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔اس سلسلے میں کناچک پولیس نے قانون کی متعلقہ دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی جبکہ دونوں متوفی کی لاشیں جی ایم سی ایچ جموں میں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد آخری رسومات کے لیے ان کے قانونی ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔دریں اثنا ء گاندھی نگر جموں میں ایک شخص درخت سے گر کر شدید زخمی ہوا جس کو فوری طور پرنزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروںنے اسے مردہ قراردیا۔ مہلوک شخص کی شناخت بھارت بھوشن ولد ہنس راج ساکن ہاکل چھتھا ستواری کے طور پر ہوئی ہے ۔ ادھرشمالی کشمیر کے کپواڑہ کے لولاب کے دلباغ علاقے میں گزشتہ ہفتے کرنٹ لگنے سے زخمی ہونے والے ایک مزدور نے منگل کی صبح یہاں کے ایک اسپتال میں دم توڑ دیا۔ تھنڈوسہ لولاب کے اعزاز احمد میر ان دو مزدوروں میں شامل تھے جنہیں گزشتہ جمعہ کو لولاب کے دلباغ علاقے میں بجلی کا جھٹکا لگنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جب لوہے کے کھمبے کو وہ کھڑا کر رہے تھے، ایک ہائی ٹینشن برقی تار کو چھو گیا۔ دونوں کو جائے وقوعہ سے نکال کر ایس ڈی ایچ سوگم پہنچایا گیا، جہاں سے ان دونوں کو ترجیحی علاج کے لیے ضلع اسپتال ہندواڑہ ریفر کیا گیا۔زخمیوں میں، کرالی گنڈ لولاب کے اعزاز احمد میر کو سکمز صورہ ریفر کیا گیا، جہاں وہ آج صبح دم توڑ گیا