اکھنور میں 4نوجوان گرفتار , پونچھ جارہی فوجی کانوائے کی ویڈیو بنانے کا الزام:حکام
سری نگر//جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ 20 مئی کو ایک پاکستانی دراندازی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بتایا کہ درانداز کو مینڈھر سب ڈویڑن میں بالاکوٹ سیکٹر کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے اس وقت چیلنج کیا جب وہ سرحد پار سے اس طرف سے گھسنے کی کوشش کر رہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ درانداز نے بار بار کی وارننگ پر کوئی دھیان نہیں دیا اور جب فوجیوں نے فائرنگ کی تواُس نے واپس بھاگنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔حکام نے بتایا کہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔اس دوران اکھنور میں فوج کے قافلے کی ویڈیو بنانے کے الزام میں4 افراد کو حراست میں لیا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج نے اکھنور میں فوجی قافلے کی ویڈیو بنانے کے الزام میں 4مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوچھ گچھ کے بعد سبھی کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ سب ایک ٹیمپو میں سفر کر رہے تھے۔گرفتار نوجوانوں میں محمد شفیق ساکنہ نگروٹہ، ظفر اقبال ساکنہ ترلہ گجراں راجوری، جاوید اقبال ساکنہ مہور ریاسی اور ٹیمپو ڈرائیور عامر ملک ساکنہ گردن درد، راجوری شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق فوجی قافلہ جموں سے پونچھ جا رہی تھی اور جب فوج کی کانوائے مٹھی فلائی اوئور پر پہنچی توراجوری جارہے ٹیمپو زیر نمبرJK02BL-2251میں سوار3 نوجوانوں نے ویڈیو بنانا شروع کردیا۔اوراسکے بعدان تینوں نوجوانوںکو گاڑی کے ڈرائیور سمیت حراست میں لیاگیا۔










