ایچ اے ڈی پی ایک بہت ہی اہم پروگرام ہے اور ہم نئے سنگ میل حاصل کرنے کیلئے پُر اعتماد ہیں۔ منوج سِنہا
اننت ناگ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج اننت ناگ میں پنچایت حلقہ پولیا ڈورو میں ’’ کسان سمپرک ابھیان ‘‘ سے خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کسانوں ، زرعی صنعت کاروں اور پی آر آئیز کے ارکان کے ایک بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 4ماہ طویل ’کسان سمپرک ابھیان ‘ کسانوں کی واقفیت ، ہنرمندی ، ہینڈ ہولڈنگ پر مرکوز ہے تاکہ ’’ جموںوکشمیر یوٹی میں جامع زرعی ترقیاتی پرگرام ( ایچ اے ڈی پی )‘‘ کے مؤثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ میرا یقین ہے کہ ہمہ جہت ترقی کا راستہ دیہات سے ہو کر گزر تا ہے ۔ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام دیہی جموںوکشمیر کے لئے کاشت کاری شعبے میں لامحدود صلاحیتوں اور ترقی کے اِمکانات کو مکمل طور پر حاصل کرنے کو یقینی بنائے گا۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے ’کسان سمپرک ابھیان‘ میں زرعی معیشت کو تبدیل کرنے کی پالیسیوں کے مرکز میں کسانوں کو رَکھ کر جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی کوششوں کا اِشتراک کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ جموںوکشمیر یوٹی میں زرعی اور اس سے منسلک شعبوں میں بے مثال ترقی ہمارے اس عزم کا ثبوت ہے کہ تمام کاشت کار گھرانوں میں خوشحالی ہونی چاہیے اور مستحکم ، قابلِ عمل اور منافع بخش کاشت کاری نوجوان پود کو کھیتی کی طرف راغب کرے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں ہم جموںوکشمیر میں زراعت کے شعبے کو اعلیٰ ترقی کی راہ پر گامزن کرنے، اَپنے کسانوں کو نئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور کاشت کاری کو قابلِ رسائی اور منافع بخش بنانے کے لئے آگے بڑے رہے ہیں۔اُنہوں نے ضلع کی ترقی پسند کسانوں ،زراعت اور اس سے منسلک شعبوں سے وابستہ دیگر شراکت داروں کی اننت ناگ کی زرعی اور اس ے منسلک شعبے میں زبردست ترقی میں ان کے تعاون کی سراہنا کی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا،’’ تمام اہم اور اِختراعی اقدامات چاہے وہ مشک بُدجی کا احیاء ہو یا زرد اِنقلاب کسانوں اور اِنتظامیہ کے درمیان شراکت داری کی وجہ سے ثمر آور نتائج حاصل ہو رہے ہیں اور جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کسانوں کو نئی بلندیوں کو چھونے میں مدد کرے گا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ آج اننت ناگ کو ملک کا ٹرائوٹ ضلع ہونے کا منفرد اعزاز حاصل ہے اور ریشمی شعبے کے معاملے میں جموںوکشمیر یوٹی کا سرکردہ ضلع ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یوٹی حکومت نے پیداوار کو بڑھانے کے لئے متعدد اقدامات کی ہیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یوٹی حکومت نے ضلع میں تین نئے آرگنک کلسٹروں اور ماہی پالن شعبے کی پہلی فارمرز پروڈیو سر آرگنائزیشن قائم کی ہے ۔ اِس کے علاوہ بڑے پیمانے پر ٹرائوٹ فارمنگ کو فروغ دینے کے لئے پروسسنگ اور پیکیجنگ یونٹ قائم کئے گئے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر یوٹی بھر کے کسانوں پر زور دیا کہ وہ ’ کسان سمپرک ابھیان ‘ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ترقی اور خوشحالی کے نئے اِمکانات تلاش کریں۔اُنہوں نے کہا ،’’ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ایک بہت ہی اہم پروگرام ہے اور ہم نئے سنگ میل حاصل کو حاصل کرنے کے لئے پُر اعتماد ہیں۔دیہی اور شہری تفاوت کو دُور کرنے کے لئے پہلے ہی بہت سے ٹھوس اقدامات اور زرعی پر مبنی چھوٹی صنعتوں میں خوب ترقی کی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے ایگر ی اِنفراسٹرکچر فنڈ کے مؤثر اِستعمال پر زور دیا کہ وہ کاشت کار برادی اور اُبھرتے ہوئے زرعی صنعت کاروں کو اِنتظامیہ کی طر ف سے ہرممکن مدد کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے کہا،’’ ہمارا خواب نہ صرف ایک مضبوط کاشتکاری ماحولیاتی نظام بنانا ہے بلکہ’ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ‘ سے مقامی سطح پر روزگار اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا، دیہی اثاثے بنانا، سیلف ہیلپ گروپوں کو مضبوط بنانا اور 70 فیصد آبادی کو خود کاشتکاری سے منسلک کرنا ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے پی آر آئی کے نمائندوں اور کسانوں کے پیش کردہ مطالبات اور مسائل کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ لوگوں کے تمام حقیقی خدشات کو ترجیحی بنیادوں پر دُور کیا جائے گا۔اُنہوں نے عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔اُنہوں نے آئندہ جی ۔20 ایونٹ کے کامیاب اِنعقاد میں پی آر آئی کے ارکان، عام لوگوں اور دیگر شراکت داروں کی فعال شرکت کی خواہش کی ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ جموںوکشمیر یوٹی کی حقیقی صلاحیت کو دُنیا کے سامنے دِکھانے کا ایک بہترین موقعہ ہے۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی اننت ناگ محمد یوسف گورسی اور چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈورو محمد اقبال آہنگر نے کسانوں کی فلاح و بہبود اور لوگوں کی زندگی بدلنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی اِنتظامیہ کی کوششوں کی ستائش کی ۔اِس موقعہ پر ترقی پسند کسانوں نے بھی اَپنی کامیابی کی داستانیں بیان کیں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف سرکاری سکیموں کے اِستفادہ کنند گان میں منظور ی نامے تقسیم کئے۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو ، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری ،اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار، پی آر آئی کے اراکین،اعلیٰ اَفسران ، سربراہان اور کسانوںکی بڑی تعداد موجود تھی۔










