mufti nasir ul islam

شب قدر 17، اپریل کو منائی جائے گی، عیدالفطرکافیصلہ مشاورت سے لیاجائیگا

لوگوں کوعیدالفطر کے بعد ایک دن کا قضا روزہ رکھنا پڑے گا:مفتی ناصر الاسلام

سری نگر//جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے منگل کو کہا کہ جموں وکشمیرمیں شب قدر 17، اپریل کو منائی جائے گی جب کہ عید کا چاند20 اپریل کودیکھاجائے گا اور 20 اپریل کو چاند نظر آنے کی صورت میں لوگوں کوعیدالفطر کے بعد ایک دن کا قضا روزہ رکھنا پڑے گا۔جے کے این ایس کے مطابق سرکردہ علمائے دین بشمول مولانا رحمت اللہ قاسمی، غلام رسول حامی، پروفیسر محمد طیب کاملی، مولانا آغا سید الحسن موسوی، غلام محمد بٹ، مولانا فیاض احمد رضوی، مسرور عباس انصاری اور دیگر شامل علمائے کرام کے طویل اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے، مفتی اعظم ، مفتی ناصر الاسلام نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں شب قدر 17 اپریل کو ہو گی۔انہوںنے کہاکہ چاند 20 اپریل کو دیکھا جائے گا اور اگر چاند نظر آ گیا تو لوگوں کو عید کے بعد ایک دن کا قضا روزہ رکھنا ہو گا۔ مفتی ناصر الاسلام نے کہاکہ عیدالفطر کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ علمائے کرام سے مکمل مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اعلان سے پہلے محکمہ موسمیات سے بھی مشاورت کی جائے گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل روزے کو لے کر تنازعہ بھی ہوا تھا کیونکہ مفتی اعظم مفتی ناصرالاسلام نے کہا تھا کہ عوام جمعہ سے روزہ رکھیں جب کہ کشمیر میں لوگوں کی اکثریت نے جمعرات سے روزہ رکھنا شروع کر دیا تھا۔ مفتی اعظم نے کہا تھا کہ اُنہیں بدھ کی رات رمضان کا چاند نظر آنے کے بارے میں کوئی گواہ نہیں ملا۔ مفتی اعظم نے میرواعظ مولوی عمر فاروق، مولانا عبدالرشید داؤدی اور دیگر علمائے کرام کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جوبقول موصوف مختلف جیلوں میں نظر بند ہیں۔