پلوامہ میں قمار بازوں کے منظم گروہ کاپردہ فاش،مختلف علاقوں کے10جواری گرفتار

پلوامہ//سماجی جرائم کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پلوامہ پولیس نے 10 جواریوں کو گرفتار کرکے اُن کی تحویل سے دائو پر لگائی گئی تقریباً4لاکھ روپے کی رقم ضبط کی۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ5مارچ 2023کوپولیس اسٹیشن پلوامہ کو قابل اعتماد ذرائع سے چیوا کھرود میں عوامی جگہ پر جوئے کی سرگرمیوں کے بارے میں مخصوص اطلاع ملی۔ اس پر پولیس تھانہ پلوامہ سے ایک پولیس پارٹی نے مخصوص جگہ پر چھاپہ مار کر 10 جواریوں کو موقع سے گرفتار کیا جن میں محمد اشرف بٹ ساکنہ پریچو پلوامہ ، گلزار احمد بٹ ساکنہ باغ مہتاب سرینگر ، امتیاز احمد بٹ ساکنہ چھان پورہ، مشتاق احمد وانی ساکنہ مونگھامہ پلوامہ،فیروز احمد ملک ساکنہ چاڈورہ ،عاشق احمد صوفی ساکنہ رعناواری سرینگر ،معراج احمد ملہ ساکنہ سمبل،انوار الحق ساکنہ ٹینگ پورہ سری نگر،طارق احمد شیخ ساکنہ شالپورہ آلوچ باغ اور یونس احمد زرگر ساکنہ نوے فٹ روڑ صورہ سری نگرشامل ہیں۔پولیس نے بتایاکہ گرفتار قماربازوںکے قبضے سے3لاکھ96ہزار200 روپے کی داؤ پر لگی رقم بھی ضبط کر لی گئی۔اس کے مطابق، مقدمہ ایف آئی آر نمبر 45/2023تحت سیکشن13 جوا ایکٹ پولیس تھانہ پلوامہ میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ۔بیان میں مزید کہاگیاکہ پلوامہ پولیس سماجی جرائم سے لڑنے اور ایسی سماجی برائیوں کے خلاف مسلسل مہم چلانے میں سب سے آگے ہے۔ ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ تعاون کریں تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے ایسے سماجی جرائم کا قلع قمع کیا جا سکے۔