سانبہ ضلع میں کرایہ پررہنے والے باہری لوگوں کی شناخت عمل میںلانے کی کارروائی
جموں//جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کو مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے پابندی شدہ تنظیم جموں و کشمیر غزنوی فورس سے وابستہ بندوق برداروں اور ان کے لیڈروں وحامیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس حکام نے جموں و کشمیر غزنوی فورس سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ساتھ ان کے ہمدردوں کے مکانات کی نشاندہی کی ہے اور انہیں منسلک یااٹیچ کرنا شروع کر دیاگیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ جموں و کشمیر کی وادی چناب میں دہشت گردی کو زندہ کرنے کی کوشش کرنے والے 3 دہشت گردوں کے مکانات کو منسلک کر دیا گیا ہے جس میں گروپ کے ایک خطرناک لیڈر عبدالمجید کا گھر بھی شامل ہے۔حکام نے بتایاکہ جموں و کشمیر کا اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) دہشت گردی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے گا اور اس اقدام کا مقصد جموں خطہ میں سرگرم اس طرح کے گروپوں کے ریونیو جنریشن کو روکنا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے رام بن کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس موہتا شرما نے کہا کہ پولیس کے پاس دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے والوں اور ان کے حامیوں کی فہرست ہے۔انہوںنے کہاکہ ضلع رام بن کے انداور گول علاقے میں آج 3 دہشت گردوں کے مکانات کو منسلک کیا گی۔حکام نے بتایاکہ دہشت گردوں کے ایک ہمدرد عبدالمجید نے ان دہشت گردوں کو پناہ دی۔ خطے میں دہشت گردی کے احیاء کی تمام کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں۔ جو بھی ایسا کرنے کی کوشش کرے گا اور جو بھی قومی سلامتی کیلئے خطرہ بننے کی کوشش کرے گا، ان کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ایس ایس پی رام بن موہتا شرما کاکہناتھاکہ ہم نے دہشت گردوں کے اوور گراؤنڈ کارکنوں کی فہرست تیار کی ہے اور بہت سے لوگوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس دوران جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خطرے کے درمیان، سانبہ انتظامیہ نے علاقے میں کام کرنے والے باہر کے لوگوں کی شناخت کو لازمی قرار دیا۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سانبہ کی طرف سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا۔حکم نامے میں انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازموں اور کرایہ داروں کی آڑ میں رہنے والے ملک دشمن عناصر کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں اور اس طرح مکانات، زرعی کھیتوں اور صنعتوں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 دن کے اندر کرایہ داروں کی شناخت ظاہر کریں۔ ڈپٹی کمشنرسانبہ نے ایک بیان میں کہا کہ غیر فعال ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔اس حکم نامے میں صنعتوں، تعمیراتی کمپنیوں، کاروباری اداروں میں کام کرنے والے بیرونی افراد کی معلومات ڈیکلریشن فارم کے مطابق متعلقہ تھانے میں جمع کرانا شامل ہے۔ضلع سانبہ کا ہر ایس ایچ او تجارتی اداروں میں کام کرنے والے بیرونی افراد اور گھریلو ملازموں، کرایہ داروں کی تصدیق کرے گا اور اس مقصد کے لیے علیحدہ رجسٹر بھی رکھے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں، تجارتی اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔










