مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے گالف کلب گلمرگ کا دورہ کیا

تیسرے ’’ کھیلو اِنڈیا نیشنل وِنٹر گیمز ‘‘ کی تیاریوں کا جائزہ لیا

بارہمولہ//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے گلمرگ کا تفصیلی دورہ کیا اور اُنہوں نے تیسرے ’’ کھیلو اِنڈیا نیشنل وِنٹر گیمز‘‘ کے لئے کی گئی تیاریوں اور اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے گالف کلب میں اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔’’ کھیلو ۔ اِنڈیا سپورٹس انیشیٹوکے تحت 10؍فروری 2023 سے 14 ؍فروری 2023ء تک شروع ہو رہا ہے ۔دورانِ میٹنگ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل نہ صرف جموں وکشمیر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے گابلکہ ملکی او رغیر ملکی سیاحوں کو اَپنی طرف متوجہ کرنے میں بھی مدد کرے گا۔مشیر موصوف نے تقریب کے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع اِنتظامیہ اور منسلک نجی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ایونٹ کے کامیاب اور احسن انعقاد کے لئے تمام اِنتظامات کو قبل اَز وقت اَنجام دیں۔اُنہوں نے ایونٹ سے وابستہ مختلف شراکت داروں پر بھی زور دیا کہ وہ ایونٹ کے اَحسن اِنعقاد کے لئے قریبی رابطہ کاری اور ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے اور اِس لئے ہمیں اِس موقعہ کو اَپنے جموںوکشمیر یوٹی کے سیاحتی اِمکانات کو فروغ دینے کے لئے اِستعمال کرنا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے تقریب سے متعلق دیگر پہلوئوں کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران کو تاکید کی کہ تمام ضروری اِنتظامات جیسے رہائش، قیام و طعام اور دیگر سہولیات کو پہلے سے ہی مکمل کیا جائے۔دورانِ میٹنگ شرکأ کے لئے رہائش ، ٹریفک ، مینجمنٹ ، اِضافی پارکنگ سلاٹوں کی نشاندہی ، برف صاف کرنے ، سیکورٹی ، ٹرانسپورٹ سہولیات ، میڈیا کوریج ، ڈھلوانوں کی دیکھ ریکھ ، بجلی ، پانی ، صحت سہولیات اور دیگر متعلقہ اَمور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گلمرگ میں ضروری کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں معلومات کی ترسیل کے لئے ہیلپ لائن نمبر شیئر کئے جائیں گے ۔ اِس دوران گلمرگ کے راستے پر ہورڈنگز لگائے گئے ہیں جو اینٹی سکڈ چین سے گاڑیوںکے اِستعمال کے اقدامات کی عکاسی کرتے ہیں۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایونٹ میں شرکت کرنے کے لئے قومی اور مقامی کھلاڑیوں نے اَپنی رجسٹریشن کی ہے۔تقریب میں مختلف ثقافتی پروگراموں کا مشاہدہ کیا جائے گا تاکہ تقریب کو فیسٹول کی شکل دی جاسکے۔