صوبائی کمشنر جموں نے پریڈ کا معائینہ کیا او رسلامی لی
جموں//یومِ جمہوریہ 2023 ء کی تقریبات کیلئے فُل ڈریس ریہرسل ایم اے سٹیڈیم جموں میں حب الوطنی کے جوش و جذبے کے ساتھ اور سخت حفاظتی انتظامات میں منعقد ہوئی ۔ اِس موقعہ پرآرمی ، سی آر پی ایف ، جے کے پی ، ایس ایس بی، این سی سی کیڈٹس اور سکولی طلباء کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا ۔ صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار نے پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے سکولی بچوں اور فنکاروں نے تھیم پر مبنی پرزنٹیشنز پر مشتمل رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا ۔ جموں و کشمیر پولیس کے ڈئیر ڈیولز کی شاندار کارکردگی نے شاندار کرتب دکھا کر حاضرین کو مسحور کر دیا ۔ جموںوکشمیر سپورٹس کونسل کے کھلاڑیوں نے بھی شاندار جمناسٹک کا مظاہر ہ کیا ۔ ثقافتی پیشکشوں میں جموںوکشمیر کی جامع ثقافت ، سماج کے کمزور طبقوں کی سماجی اور معاشی آزادی کے لئے حکومتی اقدامات کو دِکھایا گیا۔ اِس میں حب الوطنی پر مبنی پرزنٹیشنز ، لوک موسیقی اور رقص بھی پیش کیا گیا۔محکمہ سماجی بہبود ، محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، جے اینڈ کے رورل لائیو لی ہڈ مشن ( اُمید) نے اَپنی کامیابیوں اور اقدامات کی عکاسی کرتے ہوئے ثقافتی پرزنٹیشنز بھی پیش کیں۔اِس موقعہ پر دیگر اَفراد کے علاوہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس مکیش سنگھ ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسا ، جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن سپنا کوتوال، محکموں کے سربراہان اور دیگر سول اور پولیس اَفسران موجود تھے۔










