جموں//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈی آئی پی آر ) کی کلچر ل یونٹ کشمیر نے ڈی آئی پی آر کے پنڈت بھجن سوپوری آڈیٹوریم سری نگر میں ایک بین سکولی حب الوطنی گائیکی مقابلہ ’’ اے وطن تیرے لئے ‘‘ کا اِنعقاد کیا۔اِس پروگرام کا مقصد ملک سے محبت کا مظاہر ہ کرنا ، حب الوطنی کے جذب کو اُبھارنا اور تاریخ کو اُجاگر کرنا اور نظریات کو فروغ دینا تھا۔مقابلے میں حصہ لینے والے طلبا وطالبات کا تعلق سری نگر کے مختلف سرکاری اور نجی سکولوں و کالجوں سے تھا جن میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کوٹھی باغ، جے کے پولیس پبلک سکول بمنہ، گرین ویلی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ، گورنمنٹ کالج فار وومن نواکدل، انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس، گورنمنٹ ڈگری کالج کنگن اور امر سنگھ کالج شامل ہیں۔ہال نوجوان طلباء سے بھرا ہوا تھا جو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے جوش اور جذبے سے بھرے ہوئے تھے۔طلباء نے مقابلے کے لئے اچھی تیاری کی اور گیتوں کی ایک وسیع رینج پیش کی۔ مقابلے میں جج کے فرائض معروف فنکاروں استاد شبیر احمدساز نواز، منیر احمد میر اور اعزاز ساحرنے اَنجام دئیے۔کلچرل آفیسر کشمیر برہان حسین طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا، ’’ہم کو اپنے طالب علموں میں گلوکاری کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے اورپرُ امید ہیں کہ یہ طلباء مستقبل میں قوم کا نام روشن کریں گے۔‘‘کلچرل آفیسر نے گروپ اور سولو پرفارمروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کلچرل یونٹ کشمیر آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اے اِی اینڈ سی او کلچرل یونٹ سیّد شکیل شان نے پروگرام کی نظامت کے فرائض اَنجام دئیے او راُنہوں نے کہا کہ موسیقی بچوں کے لئے فائدہ مند ہے کیوں کہ یہ نہ صرف ان کی جمالیاتی حس کو فروغ دیتا ہے بلکہ تخلیقی صلاحیتوں کی کلید بھی ہے ۔ واضح رہے کہ یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب کے بعد ایک میگا ایونٹ میں اس سیریز کے تمام فاتحین کی عزت افزائی کی جائے گی۔










