بانڈی پورہ//جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے اِمداد اورمصنوعی آلات کا ایک روزہ بحالی اور تقسیم کیمپ آج یہاں منی سیکرٹریٹ بانڈی پورہ میں منعقد ہوا۔ کمپوزٹ ریجنل سینٹر ( سی آر سی ) سری نگر نے کیمپ کا اِنعقاد ضلع اِنتظامیہ بانڈی پورہ اور محکمہ سماجی بہبود بانڈی کے اشتراک سے کیا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے کیمپ کا اِفتتاح کیا اور اس میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر عبید الخضر، کیمپ کوآرڈی نیٹر سی آر سی اِرشاد احمد اور دیگر متعلقہ اَفراد نے شرکت کی۔یہ کیمپ مرکزی وزارتِ سماجی اِنصاف اور امپاورمنٹ کی اے ڈی آئی پی سکیم کے تحت مختلف جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ جسمانی طور خاص اَفراد کی شناخت کے لئے پنچایت سطح پر ایک وسیع فیلڈ سروے کیا گیا تھا اور اسی کے مطابق آج یہاں ان میں مصنوعی اِمداد تقسیم کی گئی۔اُنہوں نے کہا کہ اِسی طرح کا ایک کیمپ گزشتہ ہفتے سنبل میں منعقد کیا گیا تھا جس میں سینکروں مصنوعی اِمدادی سامان تقسیم کئے گئے تھے اور کہا کہ اسی طرح کا کیمپ گریز میں میں بھی منعقد کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر جسمانی طور خاص اَفراد میں سینکڑوں مصنوعی آلات بشمول وہیل چیئرس ، کلچ ، سماعت کے آلات ، سمارٹ کین ، ٹرائی سائیکل وغیرہ تقسیم کئے گئے ۔ڈاکٹر اویس احمد نے جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے اِسی طرح کے کیمپوں کا اِنعقاد پر مختلف تعاون کرنے والی ایجنسیوں کی کوششوں کو سراہا۔










