ڈوڈہ//سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کے مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے آج کمیونٹی ہال ڈوڈہ میں اے ڈی آئی پی اسکیم کے تحت پہلے سے شناخت شدہ دیویانگ جنوں کیلئے امداد اور آلات کی مفت تقسیم کیمپ کا عملی طور پر افتتاح کیا ۔ اس موقع پر دھنتر سنگھ کوتوال چئیر مین ضلع ترقیاتی کونسل ڈوڈہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کے محکمے نے دیویانگ جن کی فلاح و بہبود کیلئے کئی سالوں کے دوران مسلسل بے مثال کام کیا ہے ۔ اس طرح کے تقسیمی کیمپوں کے انعقاد کی ضرورت کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس طرح کے کیمپوں کے انعقاد سے دیویانگ جن کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیموں کے بارے میں بیداری پھیلانے میں مدد ملتی ہے اور انہیں بااختیار بنانے اور انہیں سماج کے مرکزی دھارے میں لانے میں بھی مدد ملتی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جو بچے پیدائشی طور پر بہرے ہیں اور بول نہیں سکتے ان کیلئے کوکلیئر ڈیوائسز لگانے کی اسکیم کو وزارت نے ایسے ہر بچے کیلئے 6 لاکھ روپے کی فراہمی کے ساتھ نافذ کیا ہے ۔انہوں نے عوامی نمائندوں اور انتظامیہ سے درخواست کی اور کہا کہ ڈوڈہ ضلع میں ایسے ضرورت مند بچوں کی فہرست وزارت کو فراہم کی جائے تا کہ اہل استفادہ کنندہ کوکلیئر امپلانٹ کیلئے سکیم کا فائدہ حاصل کر سکیں ۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر آفیسر ڈوڈہ طارق قاضی نے مہمان خصوصی کا خیر مقدم کیا اور محکمہ سماجیہ بہبود کی جانب سے ضلع میں چلائی جا رہی فلاحی اسکیموں کے بارے میں تفصیلی پرذنٹیشن دی ۔ اشوک کمار ساہو آفیسر پی اینڈ او اے ایل آئی ایم سی او نے شکریہ کا کلمہ پیش کیا ۔ اس موقع پر ضلع انتظامیہ ڈوڈہ ، اے ایل آئی ایم سی او اور محکمہ سماجی بہبود کے کئی دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔










