لیفٹیننٹ گورنر نے ٹرانسپورٹ نگر جموں کی اَپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے آج جموں میں ٹرانسپورٹ نگر کی اَپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ اہم منصوبہ بغیر کسی پریشانی کے تجارتی نقل و حمل کو قابل بنائے گا اور خطے میں اِقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو نئے سرے سے فروغ دے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اَپ گریڈیشن پروجیکٹ ایک بار مکمل ہونے کے بعد جس میں سڑک، ڈرینج ،نیٹ ورک اور سٹریٹ لائٹنگ شامل ہے، ایک کاروباری مرکز کے طور پر ٹرانسپورٹ نگر کی شان کو بحال کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ عام شہریوں اور یونین ٹیریٹری کے باہر سے آنے والے تاجروں کو بھی سہولیت فراہم کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سرسبز اور جامع شہروں کی تعمیرکے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں معاشی ترقی کو تیز کرنے ، معیار زندگی کو بہتر بنانے اور لوگوں کی مجموعی خوشحالی کے لئے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ کہ تجارتی سرگرمیوں کے مراکز ہمارے سماجی و اِقتصادی نظام کی سب سے بڑی طاقت ہیں اور ان کی ترقی کا براہ راست تعلق عام آدمی کی خوشحالی اور سرکاری مشینری کی کارکردگی سے ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ جموںوکشمیر یوٹی کی ترقی میں دیرپا شہری روڈ میپ پر ہے لیفٹیننٹ گورنر نے متحرک اور دیرپا شہروں کی ترقی کے نظرئیے کو عملی جامہ پہنانے میں لوگوں کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ شہروں کو مزید پُرکشش بنانے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور مقامی خدمات کے لئے آمدنی پیدا کرنے کی خاطر شہریوں کی شرکت ضروری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شہر صرف جغرافیائی جگہیں ہی نہیں بلکہ اقتصادی سرگرمیوں اور ثقافتی خوشحالی کے مراکز بھی ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ یہ شہر شہریوں کو مواقع فراہم کرتا ہے اور اپنے باشندوں کی خواہشات کو پورا کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’جموں اور سری نگر میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ اہم پروجیکٹ ہے ۔مؤثر منصوبہ بندی، وسائل کا مؤثر انتظام، وراثت، ماحولیات اور ترقی کی رفتار اور عوامی شرکت دیرپا ترقی کی طرف لے جائے گا۔‘‘ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں صفائی مہم ایک عوامی تحریک بن گئی ہے اور زمینی سطح پر اس کا سماجی و ثقافتی اثرات خوش کن ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموںوکشمیر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اَپنے شہروں کو خوبصورت بنانے کی کوششوں میں شامل ہوں اور میونسپل کارپوریشنوں کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات کا بھی فائدہ اُٹھائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو جموں کو صحیح معنوں میں سمارٹ بنانے اور جموں کو صاف ستھرے شہر میں تبدیل کرنے کے لئے متحد اور اِجتماعی کوششیں کرنی چاہئیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کی ہمہ گیر ترقی کے لئے متعارف کی گئی اصلاحات، زرعی شعبے اور کاروباری سرگرمیوں کو تبدیل کرنے کے لئے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا ،’’ علاقوں کے درمیان فرق کو ختم کیاجاچکا ہے۔ ہم یکساں ترقی اور سب کے لئے مساوی مواقع پر یقین رکھتے ہیں۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو عوامی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ کو مکمل طور پر لاگو کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر میئر جے ایم سی راجندر شرما نے اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ نگر کے اپ گریڈیشن کے کام پر کاروباری اداروں اور دیگر شراکت داروں کو مبارکباد دی۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کما ر مہتا نے جموں شہر کو صفائی ، سہولیات اور سیاحتی ترقی سے ملک کے بہترین شہروں میں سے ایک میں تبدیل کرنے پر بات کی ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بہت سے نئے منصوبے جلد مکمل کئے جائیں گے۔پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ دھیرج گپتا نے ٹرانسپورٹ نگر کی ترقی کے لئے نامزد مختلف پروجیکٹوں کی تفصیلات شیئر کیں۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموںاور ایڈیشنل سی اِی او جموں میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ( جے ایم آرڈی اے) رمیش کمار، ڈپٹی میئر جے ایم سی بلدیو سنگھ بلوریا، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں محترمہ اونی لواسا، کمشنر جے ایم سی راہل یادو،وِسی سی جے ڈی اے پنکج مگوترا ، یوایل بی کے اراکیں ، یوٹی اِنتظامیہ اور جے ایم آر ڈی اے کے اَفسران ، تاجر برادری اور ٹرانسپور ٹ ایسو سی ایشنز کے نمائندے اور ممتاز شہری موجود تھے۔