سرینگر//سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے سول سیکرٹریٹ میں ’ کھیلو انڈیا نیشنل ونٹر گیمز ‘ کے تیسرے ایڈیشن کی تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ گیمز کا تیسرا ایڈیشن 10 فروری سے شروع ہو گا اور 14 فروری 2023 کو جموں و کشمیر کے موسم سرما کی منزل گلمرگ میں اختتام پذیر ہو گا ۔ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ یہ کھیل نہ صرف جموں و کشمیر کے یو ٹی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے گا بلکہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو ہمارے سیاحتی مقامات کی طرف متوجہ کرنے میں بھی ایک طویل سفر طے کرے گا ۔ تقریب سے منسلک مختلف سرکاری محکموں اور پرائیویٹ ایجنسیوں کے انتظامات اور کردار کا جائیزہ لیتے ہوئے سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ تمام انتظامات کو بروئے کار لایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا نقطہ نظر سیاحت کو بھر پور طریقے سے فروغ دینا ہے اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس سال ملک کے مختلف حصوں سے ایونٹ میں 2000 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ۔ سیکرٹری موصوف نے تمام محکموں سے کہا کہ وہ اس تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند جموں و کشمیر میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ میں سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے متعدد دیگر متعلقہ پہلوؤں کا بھی جائیزہ لیا جہاں انہوں نے تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے مربوط انداز اپنانے کیلئے مختلف افسران سے بات کی ۔ انہوں نے تمام ضروری انتظامات بشمول رہائش ، قیام و طعام اور دیگر سہولیات کو بغیر کسی پریشانی کے کرنے پر زور دیا ۔ سرمد حفیظ نے تمام لائن ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں کام کا خیال رکھیں اور تقریب کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، محکمہ اطلاعات کے افسران ، کلچرل اکیڈمی ، پولیس ، سیکورٹی ، ایس ڈی آر ایف ، ٹریفک ، مختلف سرمائی کھیل ایسوسی ایشنز کے نمائندے موجود تھے جبکہ ضلع انتظامیہ بارہمولہ کے سینئر افسران ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کیبل کار کے افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔










