Mehbooba mufti

بی جے پی حکومت جموں و کشمیر کے حالات کو سنبھالنے میں ناکام: پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی

سری نگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو کہا کہ بی جے پی حکومت جموں و کشمیر کے حالات کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے اور اب وہ مقامی لوگوں کو مسلح کر رہی ہے تاکہ برادریوں کے درمیان پھوٹ پیدا کرنے کے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے۔انہوں نے کہا یہ مسئلے کال حل نہیں ہے ۔کشمیر نیوز سروس( کے این ایس ) کے مطابق ’’لوگوں کو ہتھیاروں سے مسلح کرنا خوف، شک اور نفرت کا ماحول پیدا کرنے کے بی جے پی کے ایجنڈے کو پورا کرے گا۔محبوبہ مفتی نے کہا یہ ایک برادری کو دوسرے کے خلاف کھڑا کرے گا۔۔ محبوبہ ضلع اننت ناگ میں اپنے والد، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے بانی مفتی محمد سعید کی قبر پر حاضری دینے کے بعد صحافیوں سے بات کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ راجوری حملے کے بعد گاؤں کی دفاعی کمیٹیوں کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرنے کے اقدام نے بی جے پی کے ان دعوؤں کو بے نقاب کر دیا ہے کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آ گئے ہیں۔ محبوبہ جو کہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ بھی رہ چکی ہیں، نے مزید کہا، ’’اگر ایسا ہوتا تو جموں و کشمیر میں مزید سیکورٹی اہلکار کیوں لائے؟ مقامی لوگوں کو ہتھیاروں سے کیوں مسلح کیا؟ ’’یہ صرف یہ ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی حالات کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اب وہ ان اقدامات سے عوام کو ہراساں کرنا اور خونریزی بڑھانا چاہتے ہیں۔ پی ڈی پی لیڈر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے مسائل کو سیاسی حل کی ضرورت ہے اور اسے فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جا سکتا۔’’دنیا کی کوئی طاقت اپنے لوگوں کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتی۔ جموں و کشمیر پہلے ہی ایک فوجی چھاؤنی ہے، یہاں فوج کی کوئی کمی نہیں ہے۔ فوج نے گزشتہ 30 سالوں میں اس حد تک اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں کہ جمہوری نظام بحال ہوا اور پارلیمنٹ، اسمبلی اور پنچایتوں کے انتخابات کرائے گئے۔ لیکن اب یہ فوج کا کام نہیں ہے۔ “تمام سیکورٹی ماہرین اور بہت سے سابق فوجی افسران کا کہنا ہے کہ جموں اور کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،” انہوں نے کہا۔بات چیت کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا کہ پڑوسی ملک کی طرف سے لداخ میں جارحیت کی کارروائیوں کے بعد بھی حکومت چین کے ساتھ بات چیت اور مفاہمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس کا کوئی فوجی حل نہیں ہو سکتا… چین نے ہمارے 20 فوجیوں کو شہید کیا اور ہماری زمین (لداخ میں) کے 2000 مربع کلومیٹر پر قبضہ کر لیا ہے لیکن وہاں بات چیت اور مفاہمت جاری ہے۔